اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے فیڈریشن آف چیمبر اینڈ کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے عہدیداران نے اپنے پیغام میں پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو ملکی خدمات پر منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، ملک میں امن و استحکام، اتحاد و یگانگت بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انکا کہنا تھا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کی تقریر میں اقلیتوں کو برابر کا شہری قرار دیا. قائد اعظم محمد علی جناح مملکت خداداد پاکستان کو عظیم تر ریاست بنانا چاہتے تھے۔دوسری جانب چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں خود کو محفوظ سمجھتی ہیں. قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر پاکستانی عمل کرتے ہیں۔ 11 اگست کی تقریر کے تناظر میں ہر سال 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منایا جاتا ہے۔نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل طور پر مذہبی آزادی ہے. حکومت سمیت پاکستان کے عوام اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتے ہیں۔چیئرمین کوآرڈینیشن کیپیٹل آفس ملک سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے بہترین قانون سازی کی گئی. اقلیتوں کے قومی دن کو پاکستان میں بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے. یہ دن قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔