میواسپتال پر پروپیگنڈا کے بجائے لیڈی ریڈنگ اورخیبر ٹیچنگ اسپتال پر فوکس کریں: عظمیٰ بخاری

Aug 11, 2024 | 23:55

ویب ڈیسک

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بجائے ریاست مخالف بیانیہ دیا جا رہا ہے ، نوجوان نسل کو بغاوت پر اکسانے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میواسپتال پر پروپیگنڈا کے بجائے لیڈی ریڈنگ اورخیبر ٹیچنگ اسپتال پر فوکس کریں۔ پنجاب میں آپ کی حکومت نے مفت ادویات تک بند کردی تھی، مریم نواز نے آتے ہی تمام سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات شروع کیں۔ وزیراعلی پنجاب نے تمام سرکاری اسپتالوں کی ری ویمپنگ کا پروگرام شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت گڈ گورننس پر لیکچر دینے سے پہلے اپنے صوبے کے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر غور کرے ۔ لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بجائے ریاست مخالف بیانیہ دیا جا رہا ہے. کالجز اور یونیورسٹی کے طلبا کو تشدد اور نفرت پر اکسایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر نےکہاکہ نوجوان نسل کو بغاوت پر اکسانے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے،انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرٹیفائیڈ چور،کرپٹ اور نالائق اب ہمیں کرپشن پر لیکچر دیں گے؟ ان کے پاس فنڈز نہ ہونے کے باعث یونیورسٹیاں بند ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوامیں سرکاری ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر ہر ہفتے احتجاج کرتے ہیں، سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹر زتک دستیاب نہیں ہیں۔اور صوبے کے وزیراعلی علی امین گنڈا پور کے اپنے وزراء ان کی کرپشن اور محکموں میں مداخلت سے نالاں ہیں۔

مزیدخبریں