اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن و سابق سینیٹر جہانگیر شاہ جوگیزئی ہفتہ کو اسلام آباد میں وفات پا گئے۔ ان کو آج ان کے آبائی علاقہ قلعہ سیف اﷲ بلوچستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مرحوم جہانگیر شاہ جوگیزئی کی عمر 95 سال تھی۔ وہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے رکن رہے۔ دو بار سینیٹر منتخب ہوئے۔ وہ طویل عرصہ سے صاحب فراش تھے۔ انہوں نے تاریخ بلوچستان کے عنوان سے کتاب تحریر کی ہے۔ وہ پولی کلینک کے آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر خرم جوگیزئی‘ ڈی آئی جی موٹروے ڈاکٹر جہاں زیب جوگیزئی اور ایف بی آر کے اسسٹنٹ کمشنر کامران خان جوگیزئی کے والد تھے۔ ان کی رسم قل آج 2 بجے ان کی رہائش گاہ مکان نمبر 22 سٹریٹ نمبر 10 سیکٹر F-10/3 میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم نواب محمد خان جوگیزئی کے صاحب زادے تھے جنہوں نے 1947ءمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی موجودگی میں بلوچستان کے قبائلی سرداروں کے شاہی جرگے کی جانب سے صوبے کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی اعلان کیا تھا۔ پسماندگان نے تمام دوست احباب سے رسم قل میں شرکت کی اپیل کی ہے۔