پیرس (ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے جمہوریت کےلئے بہت قربانیاں دیں، جمہوریت کے ذریعے ہی امن قائم کیا جا سکتا ہے، آئندہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنائیں گے، ملالہ یوسف زئی پر حملہ تاریک قوتو ں نے کیا، ملالہ روشن اور ترقی کے خواہش مند پاکستان کی عکاس ہے، شدت پسند اسلام کو بدنام کر رہے ہیں، اپنے بچوں کو تعلیم دیکر دہشت گردوں کو شکست دینگے۔ وہ پیرس میں ”ملالہ کے حق میںاٹھ کھڑے ہوں، تعلیم لڑکیوں کا حق ہے“ کے عنوان سے منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام پاکستان اور اقوام متحدہ کے تعلیمی، سماجی اور ثقافتی ادارے یونیسکو نے مشترکہ طور پر کیا۔ یہ تقریب انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ہوئی جس میں حکومتوں، اقوام متحدہ کے شراکت داروں، بین الاقوامی تنظیموں، امدادی اداروں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور دوسرے متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جنہوں عالمی سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کیلئے حمایت کا اظہار کیا۔ صد رزرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پاکستان کی بیٹی ملالہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ملالہ پر تعلیم دشمن قوتوں نے حملہ کیا تھا تعلیم کو فروغ دینے والے ممالک ہی ترقی کرتے ہیں۔ تعلیم کے فروغ کے لئے قوانین دو سال قبل بنائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر یونیسکو کے مشکور ہیں جبکہ کانفرنس میں شرکت پر فرانسیسی وزیراعظم کے بھی مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوںکو تعلیم دے کر دہشت گردوں کو شکست دیں گے، انتہا پسند ترقی کے راستے میں رکاوٹ بن رہے ہیں، وہ اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتے ہیں، ہمارا ویژن جمہوریت اور ترقی پسند پاکستان ہے، اسلام امن کا درس دیتا ہے۔ ملالہ روشن اور ترقی پسند پاکستان کی عکاس ہے۔ صدر نے کہا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ جمہوریت ہے آمروں نے ہمیشہ جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارا۔ آئندہ انتخابات کو صاف اور شفا ف بنائیں گے، اپنے بچوں کو تعلیم دیکر دہشت گردوں کو شکست دینگے، شدت پسند اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ سب کیلئے تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے، ہمیں تعلیم کے لئے عالمی حمایت درکار ہے۔ قبل ازیں صدر آصف علی زرداری کے کانفرنس میں شرکت کیلئے پیرس پہنچنے پر فرانس میں پاکستان کے سفیر شفقت سعید، پاکستان میں فرانسیسی سفیر فلیپے تھائی بڈ، فرانسیسی حکومت اور یونیسکو کے عہدیداروں نے ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ ملالہ سے مل کر خوشی ہوئی۔ ملالہ کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ صدر نے کانفرنس میں ملالہ یوسف زئی کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں ملالہ نے کہا کہ آج کا دن ان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اپنے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم سب مل کر چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ میری اہلیہ نے جمہوریت کے لئے جان دی۔ جمہوری حکومت کا وژن ہے اپنے بچوں کو تعلیم دے کر انتہا پسندی کا خاتمہ کریں گے ہمیں عالمی برادری سے مدد کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی ہر ملالہ سکول جا سکے۔ ملالہ نے پاکستان کے روشن مستقبل اور تعلیم کے لئے آواز اٹھائی۔ یونیسکو کا نعرہ تعلیم سب کے لئے قابل تعریف ہے۔ آج کا دن کئی حوالوں سے اہم ہے۔ ملالہ پر حملہ پوری قوم کی بہنوں پر حملہ ہے یہ وہی قوتیں ہیں جنہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا تھا ہم ان کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ آمروں نے ہمیشہ جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارا پہلی بار پاکستان میں جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وسیلہ حق پروگرام شروع کیا، اس پروگرام کے تحت 30 لاکھ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ پاکستان کی ہر بچی کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہمارا عزم ہے۔ ملالہ یوسف زئی پاکستان کی نہیں پوری دنیا کی بہادر بیٹی ہے۔ ملالہ کانفرنس کا انعقاد کرنے پر یونیسکو اور سیکرٹری جنرل کے شکرگزار ہیں۔ کانفرنس میں فرانس کے وزیراعظم کی موجودگی پر شکرگزار ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی جمہوریت میں ہے۔ پاکستان اور یونیسکو نے پاکستان اور دیگر ممالک میں عالمی برادری کی معاونت سے بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے پیر کو ”لڑکیوں کی تعلیم کے حق کے لئے ملالہ فنڈ“ کے قیام کے لئے ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ فنڈ بچیوں کی تعلیم کی بہتری کی سرگرمیوں کے لئے ریونیو اکاﺅنٹ اور فنڈز کے دیگر امور کار و طریقہ جات کا حامل ہو گا۔ صدر زرداری نے فنڈ کے لئے ایک کروڑ ڈالر کی ابتدائی رقم کا اعلان کیا ہے۔ ایم او یو کے تحت یونیسکو کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عالمی اقدام برائے تعلیم اور یونیسکو کی عالمی شراکت داری برائے بچیوں کی تعلیم کے مقاصد اور ترجیحات کی روشنی میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ پروگرام تمام سطحوں پر بچیوں کی تعلیم تک رسائی، بنیادی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور سکول کے حوالے سے صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے مقاصد حاصل کرے گا۔ صدر زرداری نے اس موقع پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی 2 سوچوں کے درمیان جنگ کی علامت ہے۔ جمہوریت ہی پاکستان اور خطے کے عوام کے لئے امن و ترقی کا واحد ذریعہ ہے۔ ملالہ یوسف زئی پر اندھیروں کی طاقتوں نے حملہ کیا، بچوں کو تعلیم دے کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔