انقرہ (اے ایف پی) افغانستان، پاکستان اور ترکی کے صدور کے درمیان رابطے کی سہولت کے لئے ایک ہاٹ لائن قائم کر دی گئی ہے۔ ہاٹ لائن اتوار کے روز سے آپریشنل کر دی گئی ہے۔ ترک حکام کے مطابق صدور نے ابھی تک اسے استعمال نہیں کیا۔ ہاٹ لائن کا مقصد بحران کے وقت میں تینوں دارالحکومتوں کے درمیان رابطے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ پاکستان، افغانستان اور ترکی کے صدور آج اور کل ترکی میں مذاکرات کریں گے۔ اس بات چیت میں کابل کے اس دعویٰ کہ افغان حساس ادارے کے سربراہ پر حملہ کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی ہے پر پیدا ہونے والے تنازع کو طے کیا جائے گا۔ ترکی کے صدر عبداللہ گل آج پاکستان اور افغانستان کے صدور کے اعزاز میں ڈنر کا اہتمام کریں گے۔ دریں اثناءتینوں صدور کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعاون بالخصوص سکیورٹی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔