لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری ا طلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے سی این جی کی ختم نہ ہونے والی طویل قطاریں حکومت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت چاہے تو سی این جی مالکان سے ملکر مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے لیکن حکومت کو عوام کے مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں چونکہ سی این جی کا معاملہ انتظامی ہے، حکو مت کو انتظام و انصرام سے کوئی سروکار نہیں لہذا مسئلے کے حل کے لئے کوئی صورت نکلتی نظر نہیں آ رہی۔ گیس بحران کی بنیادی وجہ حکومت کی جانب سے بھاری رشوت لیکر بغیر فزیبلٹی رپورٹس اور بنا ضروری کاروائی کے اندھا دھند لائسنس بانٹنا ہے۔ حکومت نے کوئی سروے نہیں کروایا بلکہ جہاں سے پیسے ملے لائسنس جاری کر دیئے گئے۔ حکومت خاموش تماشائی بن کرعوام کی مشکلات پرآنکھیں بندکئے بیٹھی ہے۔ حکومت چاہتی ہے عوام سی این جی کی پرانی والی زیادہ قیمت ادا کرنے پر مجبور ہوں ۔ محسوس ہوتا ہے حکومت جان بوجھ کر چاہتی ہے عوام مجبور ہو کر خود ہی سڑکوں پر نکل آئیں حالات خراب ہوں اورانہیں فرارہونے کی راہ مل سکے لیکن حکمرانوں کو خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ حکومت مسئلے کے تمام فریقوں کو ایک میز پر بٹھائے اور فوری حل نکالا جائے۔