لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی بدترین شکست کے بعد پرویزالٰہی اور عمران خان کے الیکشن کمشن پر بے بنیاد الزامات سے ثابت ہوتا ہے کہ دونوںکسی ایک کا ہی لکھا ہوا سکرپٹ پڑھ رہے ہیں۔ عمران کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جنرل شجاع پاشا کی زیرکفالت لائے جانے والے سونامی کی ناکامی کے بعد عمران خان پیپلزپارٹی کی بی ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں اور انہیں ناکامی اور ذلت کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی واضح کامیابی نے تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی قلعی کھول دی ہے اور وہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف دھاندلی کے بے بنیاد الزامات لگا کر اپنی ناکامی کی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ایجنسیوں کے بل بوتے پر لایا جانے والا ”سونامی “جھاگ کی طرح بیٹھ چکا ہے اور عام انتخابات میں وہ کہیں بھی نظر نہیں آئے گا۔