وہاڑی+میلسی (نامہ نگار) تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں جنو بی پنجاب کے عوام لیٹروں کا ساتھ نہیں دیں گے عوام جانتی ہے کہ ملک بچانے کےلئے تبدیلی ناگزیر ہے ہم نے جنوبی پنجاب سے عوامی رابطہ مہم کا آغا زکردیا ہے، شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے عوام کا پیسہ ضمنی الیکشن جیتنے پر لگا دیا وہ شہبازشریف نہیں بلکہ شو باز ہیں وہ پیر کے روزمیلسی سے رکن صوبائی اسمبلی پی پی پی سردار خان کھچی مرحوم کی وفات پر ان کے برادر ِ نسبتی تحریک انصاف کے رہنما سابق ضلع ناظم ممتازخان کھچی سے اظہارِ تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے عمران خان نے کہا کہ پنجا ب حکو مت نے ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی کی۔ ہم جنرل الیکشن میں ثابت کردیں گے کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا یہ کہنا کہ ضمنی الیکشن میں ٹریلر چلا ہے اور جنر ل الیکشن میں پوری فلم چلے گی تو ہم ان کو بتا دیں کہ اس فلم کا نام تحریک انصاف کا سونامی ہو گا انہوں نے ایک اور سوال کا جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کو پانچ سال تک سرائیکی صوبہ اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیوں یاد نہیں آئے یہ صرف گیم بازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم اتفاق رائے خاص طور پر سندھ کے عوام کو اعتماد میں لے کر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اگر یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کے ووٹ ان کے ساتھ ہیں تو وہ منصفانہ حلقہ بندیاں ہونے دیں ان کا چیخنا چلانا ثابت کرتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو عوام جانتے ہیں کہ انہوں نے اسلام بیچنے کی دکان بنا رکھی ہے اور وہ ذاتی مفادات کے لئے اسکو بیچتے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو بہت بڑ ا دھچکا لگنے والا ہے۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ سونامی سے سب ڈرے ہوئے ہیں کہتے ہیں سونامی ختم ہو گئی اگر سونامی ختم ہو گئی تو ڈر کس بات کا ہے؟ سونامی ختم ہو گئی تو نوجوانوں کو لیپ ٹاپ کیوں دے رہے ہو۔ تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو 9 دن میں عوام تبدیلی دیکھیں گے۔