میرے پاپا کہانیاں لکھتے ہیں اور خاص کر بچوں سے بہت محبت کرتے ہیں پاپا بچوں کے لیے بہت اچھا ادب تخلیق کرتے ہیں۔ پاپا کی طرح مجھے بھی کہانی لکھنے کا شوق ہے۔ پاپا جب آفس سے آ کر رات گئے کچھ لکھتے ہیں تو مجھے بہت اچھے لگتے ہیں وہ بہت محنت کرتے ہیں بچوں کی کہانی لکھتے ہوئے وہ اکثر ہمیں بھی اپنے پاس بٹھا کر کہانی سناتے ہیں۔ ان کی ہر کہانی بہت سبق آموز ہوتی ہے اور بچوں اور بڑوں میں ان کی کہانیاں یکساں طور پر پسند کی جاتی ہیں۔ پاپا نے میری سالگرہ پر مجھے بہت سارے تحائف کے ساتھ بہت سے غباروں کا بھرا ہوا ایک پیکٹ بھی دیا۔ ہم چار بہن بھائی رنگ برنگے غباروں میں ہوا بھر کر بہت خوش ہوئے۔ میری بہن انعمتہ میری بہت اچھی دوست بھی ہے ہم مل کر بہت شرارتیں کرتے ہیں۔ میں اپنی بہن کے ساتھ غبارے میں ہوا بھرتے ہوئے بہت خوش ہو رہی تھی مجھے نیلے رنگ کا غبارہ بہت اچھا لگا، ہم نے ان غباروں میں ہوا بھری اور ان کو دھاگے سے باندھ کر کمرے میں چھوڑ دیے۔ میں تھوڑی دیر تو غباروں کو ادھر ادھر ڈولتے، اڑتے دیکھ کر خوش ہوتے رہی اور سوچتی رہی کہ ان غباروں میں ہوا کی بجائے بہت ساری خوشیاں بھر دوںاور جن غریب بچوں کو ملیں ان کے چہرے پر بھی میرے غباروں جیسے دلکش رنگ پھیل جائیں کاش میں دنیا کے سارے بچوں کو خوشی کے غبارے تقسیم کر سکوں۔
محمد عابد نقوی شاہدرہ لاہور