اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 107روپے 78پیسے پر واپس آنا حکومتی کوششوں اور کمرشل بینکوں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ تین سال میں زر مبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر تک پہنچنے کا یقین ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 13.7 کروڑ ڈالر آج مل جائیں گے۔ جبکہ رواں سال اتصالات ٹیلی کام سے 80 کروڑ ڈالر، اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکہ سے 80 کروڑ ڈالر، تھری جی لائسنس کی فروخت سے 1.2 ارب ڈالر حاصل ہوں گے۔ کمرشل بینکوں نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کی افواہ سازوں کی سازش ناکام بنانے میں مثبت کردار ادا کیا۔ وہ یہاں گورنر سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے سربراہوں سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے جبکہ گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ بر آمد کنندگان سے 7 کروڑ ڈالر کا زر مبادلہ ملا ہے جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات کی شکل میں 3 کروڑ ڈالر یومیہ مل رہے ہیں۔ منگل کو وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت روپے کی گرتی ہوئی قدر اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام لانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس وزارت خزانہ میں منعقد ہوا جس میں گورنر سٹیٹ بینک یاسین انور اور نجی و کمرشل بینکوں کے سربراہان نے شرکت کی۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار سے سندھ کے مشیر خزانہ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ تھر کے کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر کام کیا جائیگا۔ تھر میں کوئلے کے ذخائر سے بجلی پیدا کرکے زرمبادلہ بچایا جائیگا۔ 600 میگاواٹ کے تھرکول پاور پراجیکٹ کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔
3 برس میں زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے: اسحاق ڈار
Dec 11, 2013