لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ میرا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مشورہ ہے کہ جون 2014 ء میں انتخابات کا شوق ہے تو پہلے خیبر پی کے میں الیکشن کروا کر اپنی مقبولیت کا اندازہ لگا لیں کہیں ایسا نہ ہو کہ انہیں پچھتانے کا موقع بھی نہ ملے۔ وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کیاحاطے میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے ۔ نیٹو سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ تو تب ہوتا اگر سپلائی رکی ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع کے بیان کی تصدیق نہیں ہوئی یہ قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ نیٹو ممالک سے قطع تعلق کرنا ہے کہ نہیں۔ یہ فیصلہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے تھوڑی دیر دھرنا دیتے ہیں انہیں کیا معلوم کہ شام کے وقت کون سا ٹرک گزر گیا۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 30 جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہوں گے پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے کے لئے سپریم کورٹ نہیں جائیگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کے چہلم پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔