شہبازشریف نے معذور افراد کے لئے ملازمتوں پر پابندی کے خاتمے اور کوٹہ3 فیصد کرنے کی منظوری دیدی

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گذشتہ روز ایران کے وزیر اقتصادی امور و خزانہ ڈاکٹر علی طیبنیا کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ اور توانائی، زراعت، لائیوسٹاک، صنعت و ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف نے ایران کے وزیر اقتصادی امور و خزانہ اور ان کے وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اور ایران اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں اور برادرانہ تعلقات کو حقیقی معنوں میں تیز رفتاری سے عملی اقدامات کے ذریعے معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ لاہور میں ایران کے تعاون سے جدید ترین سلاٹر ہائوس قائم کیا گیا ہے تاہم اب دونوں ملکوں کو دیگر شعبوں میں بھی مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ کمیشن کا قیام اور بعض معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہیں اور یہ ہمارے مستقبل کے سفر کی جانب مثبت اقدام ہے۔ اگرچہ پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں تاہم وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ توانائی، زراعت، لائیوسٹاک، صنعت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں ترکی کے تعاون سے میٹرو بس پراجیکٹ انتہائی قلیل مدت میں مکمل کیا ہے جبکہ راولپنڈی میں میٹرو بس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ ایران نے اپنے شہروں میں میٹرو منصوبے بنائے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ایران پنجاب حکومت کے ساتھ میٹرو پراجیکٹ میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لے۔ ایران کو گیس سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے مینو فیکچرنگ پلانٹس کی تیاری میں مہارت حاصل ہے اور ہم اس ضمن میں ایران کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ کراچی میں ایل این جی ٹرمینل مارچ 2015 میں کام شروع کر دے گا جس سے بجلی گھروں کیلئے گیس کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے بجلی پیدا کرنے کیلئے ایرانی گیس پلانٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایران کے وزیر خزانہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کی لیڈر شپ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ثقافتی اور سیاسی دوستی کی طرح اقتصادی و تجارتی تعلقات بھی نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ ایران پاکستان کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے اور نئے بجلی گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تعاون کیلئے تیار ہے۔ پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بہت پوٹنیشل موجود ہے اوراس ضمن میں تعاون کو فروغ دے کر تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ ایرانی وزیر خزانہ نے میٹرو پراجیکٹ کے حوالے سے بھی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب اور ایران کے درمیان مشترکہ کمیٹی کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ شہباز شریف نے حقیقی معنوں میں عوام کی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور بلاشبہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف انتہائی متحرک لیڈر ہیں۔ ایرانی وزیر خزانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو تہران کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ایران کے دورے کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی فرصت میں تہران آئیں گے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے معذور افراد کے لئے مختص ملازمتوں کے کوٹہ کو دو فیصد سے بڑھا کر تین فیصد کرنے کی منظوری دیدی ہے علاوہ ازیں معذور افراد کیلئے ملازمتوں پر عائد پابندی اٹھانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ وزیراعلی نے اس حوالے سے محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کو منظور کر لیا ہے۔ ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافے سے معذور افراد کیلئے روز گار کے مواقع میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان بلائنڈ ایسوسی ایشن کے وفد نے شہباز شریف سے ملاقات میں ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافے اور ملازمتوں پر عائد پابندی اٹھانے کے مطالبات پیش کئے تھے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے فیصل آباد میں پولیو ورکر کی ہلاکت کے واقعہ میں غفلت برتنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اواور ڈی ایس پی کی معطلی کا حکم دیا ہے جبکہ متعلقہ ایس پی سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ وہ گذشتہ روز اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ضلعی انتظامی و پولیس افسران سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کے دوران فیصل آباد میں پولیو ورکر کی ہلاکت میں غفلت برتنے پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کی معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیس پر ہونے والی تفتیش سے مجھے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔ قوم کے نونہالوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے والوں پر فائرنگ انتہائی افسوسناک ہے اور پولیو ورکرکی ہلاکت کے ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔ پولیس حکام مانیٹرنگ کے موثر نظام پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فیصل آباد میں احتجاج کے دوران فائرنگ کرنیوالے افراد کی گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری داخلہ خود فیصل آباد جاکرپیش رفت کا جائزہ لیں۔ پولیس مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے موثر لائحہ عمل ترتیب دے۔ مزید براں شہباز شریف سے گذشتہ روز اسلام آباد میں امریکہ کے انرجی بیورو کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری رابرٹ آئیکارڈ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے شب وروز کوشاں ہے اورملک کو توانائی بحران سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں کی جارہی ہیں۔ ملک کوتوانائی بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے تمام تر وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنیوالے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش ہے اور بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان ترقی کے شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے اورانرجی سیکٹر میں امریکی سرمایہ کاروں کیلئے کام کرنے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ حکومت ہائیڈل اور تھرمل کے علاوہ کوئلے، ہوا اور شمسی توانائی جیسے متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ حکومت جلد ملک کو درپیش توانائی کے مسائل پر قابو پا لے گی اورجلد ملک سے اندھیرے دور ہوں گے اور ملک ترقی اور روشنی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...