کوئٹہ (آئی این پی) کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ایک روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج نذیر احمد لانگو نے کی۔دوران سماعت پرویز مشرف کے وکیل ذیشان احمد چیمہ نے اپنے موکل کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ مشرف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی بیماری اور طبی معائنے سے متعلق میڈیکل بورڈ تاحال تشکیل نہیں دیا گیا اس لئے انہیں حاضری سے استثنی دیا جائے، عدالت نے فریقین کا موقف سن کر پرویزمشرف کی حاضری سے ایک دن کی استثنی منظور کرتے ہوئے سماعت 14جنوری تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ڈی جی ہیلتھ بلوچستان کو دوبارہ سختی سے ہدایت کی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر پرویز مشرف کے طبی معائنہ کے لئے میڈیکل بورڈ بنا کر رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔