لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) شیخوپورہ میں وکیل عباس علی ڈوگر کے قتل کے خلاف پنجاب بارکونسل کی اپیل پر لاہور سمیت کئی شہروں میں وکلاءبرادری نے عدالتی امور کا مکمل بائیکاٹ کیا‘ ہڑتال کے باعث عدالتوں میں 5000 سے زائد کیسز کی سماعت نہ ہوسکی‘ بار کونسلز نے وکلاءاور عدالتوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا مطالبہ کر دیا۔ جمعرات کو پنجاب بارکونسل کی اپیل پر وکیل کے قتل کے خلاف لاہور ہائیکورٹ‘ انسداد دہشت گردی‘ انسداد سمگلنگ اور سپیشل جج سنٹرل کی خصوصی عدالتوں‘ احتساب بیورو‘ انسداد بدعنوانی عدالت‘ بنکنگ کورٹس‘ صارف عدالتوں‘ تحصیل عدالتوں میں وکلاءبرادری نے مکمل ہڑتال کی جس کے باعث سماعت کے لیے مقرر کئے گئے تمام کیسز میں عدالتی عملے نے بغیر کسی کارروائی کے نئی تاریخیں مقرر کر دیں۔ وکلاءکی ہڑتال کے باعث ضلعی کچہری میں سائلین کی بڑی تعداد کئی گھنٹے ہڑتال ختم ہونے کے انتظار میں عدالتوں میں بیٹھی رہی لیکن عدالتی وقت ختم ہونے تک وکلاءنے عدالتی امور کا بائیکاٹ جاری رکھا۔ ضلعی‘ تحصیل عدالتوں میں بار کونسلوں میں تعزیتی اجلاس بھی منعقد ہوئے۔ فیروز والا کے نامہ نگار کے مطابق وکلاءنے گذشتہ روز ہڑتال کی۔