کراچی (آن لائن) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی محاذوں پر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم کسی کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے مگردشمن کو کسی بھی مہم جوئی کا جواب اچھی طرح دینا جانتے ہیں،ایسے دشمن کا سامنا ہے جس کی واضح شکل نہیں ۔سی پیک کے تناظر میں ساحلی پٹی کی سکیورٹی بہت اہمیت اختیار کرگئی،کیڈٹس ملکی سرحدوں کی جان سے بڑھ کر حفاظت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاک بحریہ کی 106 ویں اور15 ویں شارٹ سروس کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں 70 افسران نے کمشن حاصل کیا اور اےئر چیف نے پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دی۔ پاس آﺅٹ ہونے والوں میں 2 خواتین کیڈٹس سمیت یمن کا ایک کیڈٹ بھی شامل ہے۔ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کیڈٹس شاندار روایات برقرار رکھنے کیلئے کوشاں رہیں اور ملکی سرحدوں کی جان سے بڑھ کر حفاظت کریں۔ پاک بحریہ ملک کے دفاع کیلئے کوشاں ہے۔ ملک کے دفاع کیلئے مسلح افواج کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاذوں پر بڑے چیلنجزکا سامنا ہے لیکن ہم کسی بھی مہم جوئی کا جواب اچھی طرح دینا جانتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے۔ روایتی خطرات غیر متوازن انداز میں بڑھتے جارہے ہیں جب کہ ہمیں ایک ایسے دشمن کا سامنا ہے جس کی کوئی واضح شکل موجود نہیں مگر ہم ملک و قوم کے دشمن دہشت گردوں کیخلاف آخری حد تک لڑیں گے۔ ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا اقتصادی راہداری کیلئے گوادرپورٹ بہت اہمیت رکھتا ہے، سی پیک کے تناظر میں ساحلی پٹی کی سکیورٹی مزید اہم ہوگئی ہے۔ ہمسایہ ملکوں سے پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں جبکہ دشمنوں کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں۔