عید میلادالنبی کل مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عید میلادالنبی ﷺ کل (پیر کو) مذہبی عقیدت و احترام سے ِمنائی جائے گی ، اس سلسلہ میں ملک بھر میں میلاد کے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، مساجد و گھروں میں درود سلام کی خصوصی محافل کا اہتمام بھی کیا جائے گا، وفاقی، صوبائی اور ڈویژنل سطح پر سیرت کانفرسزکا انعقاد بھی ہو گا،جن میں علمائے کرام نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی اور عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریبات میں منعقد ہونگی ۔ جبکہ بازاروں، گلیوں محلوں اور گھروں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت میں وفاقی وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی اور محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل سیرت کانفرنس آج 11 اور کل 12دسمبر منعقد ہوگی ، وزیراعظم میاں نواز شریف کل کانفرنس کے مرکزی سیشن میں مہمان خصوصی ہوں گے ۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے مطابق دو روزہ انٹرنیشنل سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے پہلے روز کانفرنس کے مرکزی موضوع کی مناسبت سے مرتّب شدہ ذیلی موضوعات پر قومی اور بین الاقوامی سکالرز کے مقالات اور اظہار خیال کی روشنی میں "مشترکہ اعلامیہ "مرتّب ہوگا جس کو کانفرنس کے مرکزی سیشن میں پڑھا جائے گا، انٹرنیشنل کانفرنس میں دنیا بھر سے 35سے زائد سکالرز اور مذہبی شخصیات شریک ہوں گی۔ جبکہ بارہویں شب بادشاہی مسجد لاہور "انٹرنیشنل محفلِ حُسنِ قرا¿ت "منعقد ہو گی خطیب بادشاہی مسجد کے مطابق محفل قرات میں سعودی عرب ،مصر، ملائیشیا، انڈو نیشیا، ترکی ، ایران، بنگلہ دیش سے عالمی شہرت یافتہ اور جید قراءکرام شرکت کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن