اسلام آباد/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار) پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے نعت خواں جنید جمشید اور انکی اہلیہ اور دیگر مسافروں کے زیراستعمال اشیاءمل گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق جنید جمشید اور انکی اہلیہ کے شناختی کارڈ مل گئے۔ جنید کی اہلیہ کے زیر استعمال پرس بھی مل گیا۔ انکا شناختی کارڈ اوریجنل جبکہ جنید کا شناختی کارڈ پلاسٹک کوٹنگ میں تھا، دیگر مسافروں کی 4 سونے کی چوڑیاں،3 طلائی گھڑیاں، 2 سونے کی انگوٹھیاں ملی ہیں۔ سارا سامان سیل کر کے پی آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں حادثہ میں جاں بحق ائرہوسٹس صدف کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ آبائی علاقے شاہ باغ میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں پی آئی اے افسران اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحومہ نے سوگواروں میں 2 بچے اور خاوند چھوڑا ہے۔ صدف کی میت کی شناخت گزشتہ رات انکے خاوند فاروق نے کی۔ انکا کہنا تھا کہ اب تک جاں بحق ہونے والے 47 افراد میں سے 10 افراد کی نعشیں انکے لواحقین کے حوالے کردی گئیں ہیں، چین سے تعلق رکھنے والے شہری ہان کیانگ کے بھائی ہان وی کے خون کے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں۔ دیگر 2 غیر ملکیوں کی شناخت کا عمل ابھی باقی ہے۔ ڈاکٹر الطاف کا کہنا تھا کوشش ہے کہ جاں بحق ہونے والے جن افراد کے لواحقین کے خون کے نمونہ جات حاصل کرلئے گئے ہیں انکے ڈی این اے کا عمل جلد مکمل کرکے میتیں حوالے کردی جائیں۔ انکا کہنا تھاکہ مرنے والوں کو اگر ان کے لواحقین نے ڈی این اے کے بغیر ہی شناخت کرلیا تو نعشیں دے دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا شناخت کا عمل چھٹیوں میں بھی جاری رہیگا۔ گزشتہ روز تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا۔ ٹیم مختلف پہلو¶ں سے حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ تفتیشی ٹیم نے فرانسیسی کمپنی کے حکام سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔ طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیجنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے دو افراد بلیک باکس لیکر آئندہ 24 گھنٹوں میں فرانس جائیں گے۔ طیارہ کا بلیک باکس فرانس میں ڈی کوڈ کیا جائیگا جس کے بعد تحقیقات میں مزید پیشرفت متوقع ہے۔ حادثے کی تحقیقات کیلئے فرانسیسی ٹیم کی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان آمد متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانس کی تحقیقاتی ٹیم سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ساتھ ملکر مشترکہ طور پر تحقیقات کریگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ باقی میتوں کی ڈی این اے کی مدد سے تصدیق کا عمل جاری ہے اور آئندہ ہفتے اسکے نتائج آجائیں گے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو برنڈ ہلڈن برانڈے نے گزشتہ روز جائے حادثہ کا دورہ کیا اور پھولوں کی چادر رکھی، جاں بحق ہونیوالوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور امدادی کارروائیوں میں فوری مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے غمزدہ خاندانوں کو سہولیات فراہم کرنے کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ شناخت کے بعد میتوں کو فوری طور پر لواحقین کے حوالے کردیا جائے۔ پی آئی اے کے ڈائریکٹر ویجی لینس بریگیڈئیر (ر) محمد آصف بھی انکے ہمراہ تھے۔ بعدازاں ہلڈن برانڈے نے آسٹریا کے سفارتخانے کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے جاں بحق ہونیوالے چینی مسافر کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔
طےارہ حادثہ
طیارہ حادثہ : جنید جمشید اور انکی اہلیہ کے زیراستعمال اشیاءمل گئیں: شناخت کا عمل اگلے ہفتے مکمل ہو جائیگا : حکام
Dec 11, 2016