عوام افراتفری نہیں چاہتے‘ انتشار کی سیاست مسترد کر دی : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے مختلف شہروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے میئرز، ڈپٹی میئرز، ضلع کونسلوں و میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا موثر نظام ہے اور ان اداروں کے قیام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی سطح پر ترقی کا عمل مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔ مسلم لیگ (ن )نے بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور یہ شاندار کامیابی عوام کا پارٹی قیادت سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ وزیراعلیٰ نے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت میں جت جائیں۔ عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ اس پر ہر صورت پورا اترنے کیلئے اپنا آرام قربان کرکے عوام کی خدمت کی جائے۔ عام انتخابات 2013 کی طرح بلدیاتی الیکشن کے مختلف مراحل میں بھی جھوٹ اور الزام تراشی کرنے والے شکست خوردہ عناصر کی منفی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گئی ہے اور جو لوگ انتشار پھیلانا چاہتے تھے آج ان کی منفی سیاست خود انتشار کی نذر ہو چکی ہے۔ عوام نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ افراتفری یا انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ ملکی ترقی کے پروگرام میں روڑے اٹکانے والے یہ عناصر اپنے مذموم عزائم میں پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اورقیام امن سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح نہیں ہوسکتی لہٰذا عیدمیلادالنبی کے موقع پر امن عامہ کی فضا یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ لندن سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عیدمیلادالنبی کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں اور مربوط کوآرڈینیشن کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔ عیدمیلادالنبی کے جلوسوں کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔ سینئر پولیس و انتظامی افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سیکورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں،وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن