حیدر آباد (نمائندہ نوائے وقت) مہاجر قومی موومنٹ کے جنرل سیکرٹری شاہد فراز اور دیگر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ 15 دسمبر کو حیدر آباد کے لطیف آباد میں اکبری گراﺅنڈ میں جلسہ منعقد کیا جائے جس سے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد خطاب کریں گے۔ حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد حیدر آباد کے جلسے میں اصل حقائق سے پردہ اُٹھائیں گے انہوں نے کہاکہ مہاجر قومی موومنٹ نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور جب ہم دوسری جانب دیکھتے ہیں تو ہمیں سوائے افسوس کے کچھ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ مہاجروں کے نام پر آج اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں انہیں مہاجروں سے کوئی دلچسپی نہیں اور نہ وہ مہاجروں کے ساتھ پرخلوص ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے مہاجر خود کو سندھی کہلوا کر خود پر فخر کرتے تھے اب وہ مہاجر کا نام ہونے کی وجہ سے بدنام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مہاجر قوم سے اپیل کی کہ حیدر آباد کے جلسے میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہو کر جلسے کو کامیاب بنائیں۔
”آفاق احمد حیدر آباد جلسے میں حقائق سے پردہ اُٹھائیں گے“
Dec 11, 2017