اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت کا آغاز (آج) پیر سے ہوگا جبکہ نیب نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں نئے پروسیکیوٹر کی تقرری تک سماعت ملتوی کی جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کی سماعت کا آغاز 11 دسمبر سے ہوگا ٗسپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ میں شامل جسٹس مشیر عالم، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مظہر عالم خان میاخیل لاہور ہائی کورٹ کے 2014 کے فیصلے کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں وقاص قدیر ڈار کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے نیب پروسیکیوٹر جنرل کا دفتر خالی ہے۔نیب کی جانب سے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں دائر کیے گئے دستاویزات میں درخواست کی گئی تھی کہ اس معاملے کی سماعت 11 نومبر کو کرنے کے بجائے ملتوی کردی جائے۔ نیب نے دلیل دی کہ اس درخواست کو پراسیکیوٹر جنرل آفس کے ذریعے سنا جائے ٗنیب نے کہا کہ اس حوالے سے سمری صدر کی منظوری کی منتظر ہے۔اس سے قبل 28 نومبر کو نیب کے اسپیشل پروسیکیوٹر جنرل عمران الحق نے بینچ سے بیورو کی اپیل کی توثیق کی درخواست کی لیکن وہ عدالت کی جانب سے اٹھائے گئے متعدد سوالات کا جواب نہیں دے سکے تھے۔