لاہور‘کویت سٹی‘بیت المقدس (عبدالشکور ابی حسن+خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) عرب لیگ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے کیونکہ اس فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں بلکہ اس سے خطے میں تشدد میں اضافہ ہو گا۔ اجلاس کے بعد اعلامیے میں کہا گیا ٹرمپ کی جانب سے بدھ کو کیا گیا اعلان عالمی قوانین کی خطرناک خلاف ورزی ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ اس سے خطہ میں تشدد بڑھے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے امریکی فیصلہ کو یکطرفہ اور باطل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی غلطی پر چپ نہیں رہ سکتے۔ امریکی فیصلے سے عرب دنیا میں امریکہ پر اعتبار ختم ہو گیا۔ادھر محمود عباس کے سیاسی مشیر ماجدی الخالدی کا کہنا تھا کہ 'فلسطین میں امریکا کے نائب صدر مائیک پینس سے کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔ دوسری جانب فلسطین میں امریکی فیصلے پر گزشتہ روز بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ مصر کے پوپ ٹواڈروز ٹو نے بھی مائیک پینس سے چرچ میں طے شدہ ملاقات کو ختم کردیا ۔ادھر اسرائیل اپنے جرائم چھپانے کے لیے صحافیوں کو نشانہ بنانے لگا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن خلیل الحیہ نے ایک بیان میں کہا صہیونی غاصب دشمن کو غزہ کی پٹی پر جارحیت مسلط کرنے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔لبنانی سکیورٹی فورسز نے اتوار کو امریکی سفارتخانے کے نزدیک احتجاجی مظاہرین پر آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا استعمال کیا۔ مظاہرین واشنگٹن کے فیصلے کیخلاف احتجاج کررہے تھے۔ انہیں سفارتخانے کی طرف جانے والی شاہراہ پر خاردار تاریں لگا کر کمپلیکس تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔ترک صدر طیب اردوان نے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔ ترک صدر نے کہا ہے کہ اسرائیل جابر اور قابض ریاست ہے۔ اسرائیل فلسطینی بچوں کی قاتل اور دہشت گرد ریاست ہے۔اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے تناظر میں یونین کی پالیسیوں کو منافقانہ قرار دیدیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کا رویہ دوہرے معیار کا حامل ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یورپ نے امریکی صدر کے اس فیصلے پر تنقید تو کی لیکن فلسطینی علاقوں سے راکٹ داغنے کے حوالے کبھی کچھ نہیں کہا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اورفرانسیسی صدر میکرون کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازع مجوزہ دو ریاستی حل کے تحت حل کیا جانا چاہیے اسرائیل کی سلامتی کو لاحق تمام خطرات کی مذمت کرتے ہیں یروشلم پر امریکی فیصلے پر اختلاف سے اسرائیلی وزیراعظم کو آگاہ کردیا یہودی آبادکاری روکنا اسرائیل کی طرف سے امن کا اہم اشارہ ہوگا دونوں فریقین قبول کریں تو امریکہ کاثالثی کردار ہوسکتا ہے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ یروشلم اسرائیلی دارالحکومت ہے فلسطینی جلد یہ حقیقت تسلیم کرلیں گے یروشلم میں جلد امن قائم ہوگا انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنے کیلئے شام میں زمینی‘ سمندری اور فضائی اڈے بنا رہا ہے۔ ترکی ایران اور غزہ کے دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے فلسطینی صدر کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز احمد چودھری کی قیادت میں کارکنان نے اکبر چوک تک ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قبلہ اول کو اسرائیل کا دارالحکومت کے اعلان کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا مظاہرین نے امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی، اعجاز احمد چودھری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ بیان عالمی امن کو برباد کرسکتا ہے۔ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالخلافہ قراردینے کے خلاف شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام ضلعی سطح پر یوم احتجاج منایا گیا۔ جس میں مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر منصفانہ، غیر آئینی اور غیر اخلاقی فیصلے پر تنقید کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سر براہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی ہدایت پر ملک بھر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے خلاف احتجا جی مظاہرے کئے گئے۔اس موقع پر ثروت اعجاز قا دری نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا بیان عالمی امن اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنمائوں اور کارکنان نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لئے چورنگی سے ریلی نکالی۔ حافظ آباد‘ ونیکے تارڑ سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق سنی تحریک کے کارکنوں نے دربار خطیب الاسلام کے باہرٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ بنانے کے اعلان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا قیادت سنی تحریک گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر محمد عثمان شاہ نقوی نے کی۔ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہرالمعقلی نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا دفاع اور فلسطینی مشن کی حمایت سعودی فرمانروا کا شیوہ ہے۔بی بی سی کے مطابق استنبول میں ایک تقریر میں رجب طیب اردگان نے امریکہ کی طرف سے اس متنازع فیصلے کے خلاف لڑنے کا اعلان کیا اور اسرائیل کو ایک دہشت گرد ریاست قرار دیا جو بچوں کو قتل کرتی ہے۔ چند گھنٹوں بعد اسرائیل کے وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے لیکچر نہیں لیں گے جو کردستان کے دیہاتوں پر بم برساتا ہے اور دہشت گردوں کی مدد کرتا ہے۔
اسرائیل بچوں کی قاتل دہشت گرد ریاست :طیب اردگان
Dec 11, 2017