جعلی خان نواز شریف مسائل حل نہیں کرسکتے آئندہ کلین سویل

کنری+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی+ نامہ نگاران) سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی جماعت مشکلات کا سامنا نہیں کر سکتی۔ پیپلزپارٹی ہی ملک کو موجودہ مسائل سے نکال سکتی ہے۔ جعلی خان ہو یا میاں صاحب کوئی ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکتا۔ آئندہ الیکشن میں کلین سویپ کریں گے۔ کنری عمرکوٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا میاں صاحب نے نہ صرف خود کو بلکہ ہم کو بھی ان مسائل میں پھنسایا ہے۔ اس لئے کہ ان کی جیبیں بھری جائیں۔ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے۔ پانامہ سے چل کر یہاں پہنچی ہے۔ ان کو 7 سال بعد سی پیک کی اہمیت یاد آئی۔ جب ملک سنبھالا تو ملک میں گندم اور چینی کی کمی تھی ہماری حکومت کے دوسرے سال اتنی گندم ہوئی کہ آج تک گودام بھرے ہیں۔ مستقبل میں ڈیمز بنانے ہیں۔ تھر میں 13 چھوٹے ڈیمز بنائے ہیں جس سے فائدہ ہوا۔ نئے پاکستان کی بات کرنے والوں کو یہ نہیں پتہ کہ ملک بنانا ہوتا کیا ہے۔ معیشت کو کس طرح آگے لے جانا ہے ان کو یہ بھی نہیں پتہ، میں پارٹ ٹائم زمیندار ہوں آپ کو نہیں سکھا سکتا۔ ہر چیز آہستہ آہستہ آگے بڑھے گی آپ کو حق ملے گا۔ پیپلزپارٹی والے جب زبان دے دیں تو پیچھے نہیں ہٹتے۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے آصف زرداری نے کہا شہید ذوالفقار بھٹو نے ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا۔ شہادت قبول کر لی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ بے نظیر بھٹو نے ڈکٹیٹر کے منع کرنے کے باوجود پاکستان آ کر جمہوریت کے لئے اپنی جان کی قربانی دے دی۔ آج پاکستان میں جمہوریت مضبوط و مستحکم ہے۔ ہم کسی کی ذاتی جمہوریت کے لئے نہیں کھڑے ہوںگے۔ سابق صدر نے رکن سندھ اسمبلی مراد شاہ کے فرزند میرعلی شاہ کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ جلد میرپور خاص میں بڑا جلسہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرتی سے پیار ہے اسی لیے بیٹی کا نام بختاور رکھا، ہماری روایتوں کے ساتھ ہمیں یاد رکھا جائے گا۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت میں انسانی حقوق کو روندا جا رہا ہے، پرتشدد انتہاپسندی سے انسانی حقوق کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری ایک پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر مکمل یقین رکھتی ہے موجودہ حالات میں ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پیپلز پارٹی کو شدید تشویش ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ ہماری جماعت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف لڑتی رہے گی۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں اسسٹنٹ منسٹر وانگ یاجون ، زہانگ ایکسوئی، لائبن، ہو ایگزیاڈونگ، تان وائی، فو ویران، ایمبیسڈر یائو جِنگ اور می جنگ شامل تھے۔ ملاقات میں پاک چین کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دیگر دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سید نیر حسین بخاری، سینیٹر شیری رحمن، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، فیصل کریم کنڈی اور مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں غیریقینی کی صورتحال ہے۔ پارلیمنٹ سے باہر فیصلہ کرنے والوں کا یہی حال ہوگا۔ اسلام آباد کے جلسے نے ثابت کر دیا پی پی وفاق کی علامت ہے۔ طاہرالقادری شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ الائنس میں شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن