لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ہونیوالا تین روزہ سٹرنتھ ایڈ کنڈیشنگ لیول ٹو کورس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود اور پاکستان رگبی یونین کے صدر چودھری محمد عارف سعید تھے ، اس موقع پر ڈائریکٹر نیشنل اولمپک اکیڈمی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن طارق واحد خان ، پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ ، پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک، رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ بھی موجود تھے۔ سنگا پور رگبی کے ہیڈ سٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ تھامس جیمز کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، یہاں رگبی کا بہت ٹیلنٹ ہے، سٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کے کورس کے بعد یہاں کوچز کی کافی اچھی تعداد ابھر کر سامنے آئے گی۔سنگا پور سے ہی تھامس جیمز کے ہمراہ لیوس چاؤ بھی پاکستان آئے ہوئے تھے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں رگبی فروغ پا رہی ہے۔ پاکستان رگبی یونین ہر سال مختلف کورسز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے صدر چودھری عارف سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سپورٹ سے کوچز کی اچھی تعداد ٹرینڈ ہوگئی ہے۔