لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جونیئر سلیکشن کمیٹی میں یونس خان کو اہم عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کی سربراہی میں قائم جونیئر سلیکشن کمیٹی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کمیٹی میں اہم عہدے کیلئے یونس خان سمیت کئی دیگر کرکٹرز کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے تاہم دیکھنا یہ ہو گا کہ یونس خان انتظامی نوعیت کی ذمہ داری قبول کرنے پر رضامند ہوں گے یا نہیں۔رپورٹ کے مطابق ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا البتہ 13 دسمبر کو لاہور میں ایک اجلاس منعقد ہو گا جس میں پی سی بی کی جانب سے منتخب کئے گئے ناموں پر غور کیا جائے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ باسط علی، فرخ زمان، عامر ندیم، ثناء اللہ بلوچ اور علی ضیاء پر مشتمل جونیئر سلیکشن کمیٹی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اس لئے اس کمیٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔