لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے تعاون سے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی ہیڈ آفس فیز 6میںشہریوں کی سہولت اور آسانی کے لئے خدمت مرکز بنایا جائے گا۔اس سلسلہ میںسی ٹی ا ولاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک اورسیکرٹری ڈی ایچ اے اتھارٹی کرنل(ر)ساجد جاوید کی ڈی ایچ اے ہیڈ آفس میں ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران ابتدائی طور پر ڈرائیونگ لائسنسنگ ٹیسٹنگ سنٹرکے بلاک کی اپ گریڈیشن کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ٹیسٹنگ سنٹر کی اپ گریڈیشن سے شہریوں خصوصا خواتین اور بزرگ شہریوں کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔شہریوں کے لئے معیاری انتظارگاہ کا بھی انتظام کیا جائے گا،دوسرے فیز میں ڈی ایچ اے ہیڈ آفس فیز 6میںخدمت مرکزبنایا جائے گا۔نئے خدمت مرکز سے شہری ڈرائیونگ لائسنس ،پولیس رپورٹس،کاغذات گمشدگی ،پولیس سرٹیفکٹس ،کلیرنس سرٹیفکٹس سمیت مختلف سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے ۔اس موقع پر سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کا کہنا تھاکہ لاہور میں18مقامات پر شہریوں کوڈرائیونگ لائسنس،لرنر پرمٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ دو موبائل لرنر پرمٹ وینز بھی سرکاری و نیم سرکاری دفاتر،کالجز،یونیورسٹیز ،یونین کونسلز،بس اڈوں سمیت تمام پبلک مقامات پر لرنر پرمٹ،ڈوپلیکیٹ لائسنس،رینول لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس کی سہولت فراہم کررہی ہیں۔ پولیس کا کام سروس فراہم کرنا ہے۔