مقبوضہ کشمیر: انسانی حقوق کے عالمی دن پر کشمیریوں کا یوم سیاہ، مظاہرے ہڑتال، عالمی برادری مظالم رکوائے: صدر وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نیوزرپورٹر+سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ملٹری لاک ڈائون، کرفیو اور انسانی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے، سول سوسائٹی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق انسانی کے تحفظ اور حق خودارادیت کے لیے کردار ادا کرے۔صدر مملکت نے کہا کہ انسانی آزادی اور مساوات کو یقینی بنانا مذہب اور آئین کے بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے، حکومت پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پرعزم ہے جب کہ معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے تحفظ کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے قابض بھارتی حکومت تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کے برعکس مقبوضہ وادی میں کشمیری جوانوں، بچوں اور عورتوں کا بہیمانہ قتل عام بند کرے، ہم حق خود ارادیت کے لئے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے جری کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت رسول کریم ﷺ کے روشن فرامین خصوصاً خطبہ حجۃ الوداع کی روشنی اور دستور پاکستان کی روح کے مطابق بلا تفریق اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اہل اسلام کو مساوات، عدل و انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کا وہ پیغام یاد رکھنا چاہئیے جو ہمارے نبی مہربان ﷺ نے 14 سو سال قبل دیا تھا۔ یہ پیغام انسانی حقوق اور تکریم آدمیت کی تعظیم جسے ارفع اوصاف کا حامل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قابض بھارتی حکومت تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کے برعکس مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں، بچوں اور عورتوں کا بہیمانہ قتل عام بند کرے، ہم اپنے حق خود ارادیت کے لئے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے جری کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں عالمی ضمیر، عالمی قانون کے پاسداران اور سلامتی کونسل سے اپیل کرنی چاہئیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارت سرکارکے ناجائز قبضے کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔ ہم قابض بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کے 4 ماہ سے زائد عرصے پرمحیط محاصرے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ سلامتی کونسل نئی دہلی کیخلاف اقدامات کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی ناقابل فہم ہے، 15 اگست سے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز کرفیو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی خان سوری نے اپنے ایک پیغام میں کہا انسانی حقوقکا عالمی دن اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی سطح پر انسانی وقار برقرار رکھنے اور لوگوں میں انسانوں کے حقوق کے ھوالے سے بیداری پیدا کرنے کی غرض سے منایا جاتا ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام دفتر خارجہ کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف مبذول کرائی گئی۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ کے وجود میں آنے کے فوراً بعد اقوام عالم نے ایک متفقہ قرارداد ’’انسانی حقوق کا اعلامیہ‘‘ کے عنوان سے پاس کی اور اس امر پر اتفاق کیا کہ دنیا میں تمام اقوام بلالحاظ مذہب و ملت، رنگ و نسل انسانی حقوق کی پاسداری کریں گے مگر بھارت نے اس عالمی دستاویز پر دستخط کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا بازار گرم کر رکھا ہے۔مظاہرہ سے محمد فاروق رحمانی، ثوبیہ کمال، سیّد اعجاز رحمانی، عبدالحمید، محمد شفیع ڈار، حسن البنا، پرویز احمد شاہ، راجہ خادم حسین، اشفاق مجید، عبدالمجید ملک، بشارت، زاہد صفی، امتیاز وانی و دیگر نے خطاب کیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے ڈپلومیٹک کور کو بریفنگ کے دوران بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ڈپلومیٹک کور کو آگاہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے ذرائع ابلاغ پر بدستور پابندی عائد ہے ۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے نہتے کشمیریوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ایک لاکھ سے زیادہ معصوم کشمیری، بھارتی جبر و تشدد کے باعث شہید ہو چکے ہیں ۔ڈپلومیٹک کور کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہی کیلئے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا گیا۔
سرینگر (این این آئی+ اے پی پی+نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے انسانی حقوق کا عالمی دن یوم سیاہ کے طور پر منایا۔ اس موقع پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی اور احتجاجی مظاہرے ہوئے۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے جنوری 1989سے اب تک اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران 95ہزار471بے گناہ کشمیریوں کو اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں شہید کیا ہے جن میں سے 7ہزار135کو دوران حراست شہیدکیا گیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی جانب سے منگل کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق قتل کے ان واقعات سے 22ہزار910خواتین بیوہ اورایک لاکھ 7ہزار780بچے یتیم ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران فوجیوں نے 11ہزار175خواتین کی بے حرمتی کی جبکہ ایک لاکھ9ہزار451مکانوںاور دیگر املاک کو تباہ کیا۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے بھارتی پولیس اور فوجیوں نے کم سے کم 8ہزار کشمیریوں کو حراست کے دوران لاپتہ کیا۔حریت رہنمائمحمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان ،سیدہ آسیہ اندرانی ، رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو بھی مسلسل گھرمیں نظربند کررکھا ہے اور انہیں سیاسی سرگرمیوں، عوامی اجتماعات سے خطاب اور نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے ۔ دریں اثنا حریت رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں مقبوضہ علاقے بھیجیں اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ جموں میں سکولوں اورکالجوں کے طلبائ، فنکاروں، اداکاروں ، گلوکاروں، یوٹیوبرز، بلاگرز، تاجروں اورسوشل میڈیاسے وابستہ کارکنوں سمیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے علاقے میں انٹرنیٹ کی مسلسل معطلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس موقع خطاب کرتے ہوئے اداکار سنیم پانڈو نے کہاکہ 100سے زائد روز سے جموںوکشمیر کے عوام کو انٹرنیٹ سے محروم کرکے پتھر کے زمانے میں دھکیلا گیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے کشمیریں کو اقتصادی طور پر کمزور کرنے کے مذموم منصوبے کے تحت ضلع پلوامہ میں ایل پولٹری فورم کو تباہ کر کے 400 مرغیاں ہلاک کر دی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...