اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام ’’فرسٹ ایڈ ڈے‘‘ ابتدائی طبّی امداد کے عالمی دِن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنر ل ہلالِ احمر پاکستان خالد بن مجید نے کہا کہ ہلالِ احمر کا فرسٹ ایڈ پروگرام ملک بھر کے 52 اضلاع میں کامیابی سے جاری ہے۔آنے والے دِنوں میں اِس پروگرام کو دوسرے اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔حال ہی میں پشاور موڑ اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے میں2500 سے زائد شرکاء کو ہلال ِاحمر کے فرسٹ ایڈر اوررضاکاروں سے فرسٹ ایڈ دی اور میرپور زلزلے پر فوری ریسپانس کرتے ہوئے 200 سے زائد افراد کو ابتدائی طبّی امداد پہنچائی گئی جس پر میں فرسٹ ایڈ پروگرام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔میرے لیے یہ بات قابل ِ فخر ہے کہ ہلال ِاحمر فرسٹ ایڈ پروگرام کمیونٹی سطح پر فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ نظرانداز طبقات کو فرسٹ ایڈ کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے اور اِس سلسلے میں ٹرانس جینڈر ، اقلیتی براداریوں اور سپیشل افراد کو اب تک 50 سے زائد فرسٹ ایڈ ٹریننگ فراہم کی گئی جس سے ہزاروں کی تعداد میں افراد مستفید ہوئے۔انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کے زبیر خان نے کہا کہ ہلالِ احمر کا ابتدائی طبّی امداد کی مہارتیں سکھانے کا پروگرام ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔ کمیونٹی سطح پر عوام الناس کو فرسٹ ایڈ کی تربیت کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں، تعلیمی اداروں، وکلائ، صحافیوں کو بھی تربیت سے لیس کیا جارہا ہے۔ ٹرانس جینڈر، اقلیتی براداریوں اور سپیشل افراد کو بھی فرسٹ کی تربیت دینے کے قابل بنانا مستحسن اقدام ہے۔