پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے نئے سال میں تبدیلی کے سورج کا خواب دیکھ لیا، پیش گوئی کی ہے کہ 2020 خطرناک سال ہے، بہت سے لوگ تبدیل اور بہت سے نئے لوگ آئیں گے، نواز شریف کی واپسی جلدممکن نہیں مگروہ واپس ضرور آئیں گے۔آمدن سے زائداثاثوں کی نیب انکوئری میں سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2020 خطرناک سال ہے، ٹوئنٹی ٹوئنٹی ویسے بھی خطرناک ہوتا ہے، سال 2020 میں بہت سی تبدیلیاں سامنے آئیں گی، بہت سے لوگ تبدیل اور بہت سے نئے لوگ آئیں گے۔ نواز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی جلدممکن نہیں مگر وہ واپس ضرور آئیں گے، وہ 2020 میں وطن واپس آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کا کیس سندھ کا ہے، وہ جلدی باہر جانے کیلئے تیار نہیں، سندھ میں کیس کا منتقل ہونا بہت ضروری ہے۔