اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وضاحت کی کہ ٹیکس گزاروں کو توسیع شدہ تاریخ گزرنے کے بعد بھی قانون کے مطابق سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی اجازت ہے۔ ٹیکس گزاروں کی بہتری کیلئے وضاحت کی کہ وہ جتنا جلد ممکن ہو اپنے ٹیکس گوشوارے داخل کر لیںکیونکہ دیر سے گوشوارے فائل کرنے والے پرقانونا'' جرمانہ بھی اسی حساب سے عائد ہو گا۔ واضح رہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے 8 دسمبر کے بعد بھی بغیر جرمانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی اجازت دی تھی جس کے لئے آن لائن یا مینوئل طریقہ سے متعلقہ فیلڈ دفتر کو تاریخ میں توسیع حاصل کرنیکے لئے 8 دسمبر تک درخواست جمع کرانا ضروری تھا۔ فیلڈ دفاتر کوخصوصی ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ ٹیکس گزاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ٹیکس گزار بر وقت اپنے ٹیکس گوشوارے داخل کر سکیں۔ مزید برآں ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کے اہل ہونے کے باوجود گوشوارے داخل نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق جلد کاروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
ٹیکس گزاروں کو تاریخ گزرنے کے بعد بھی گوشوارے داخل کرنے کی اجازت
Dec 11, 2020