اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) قومی سلامتی کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین کا اہم ترین پروجیکٹ ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران انہوں نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر چین پاکستان تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات خطے میں معاشی ترقی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔چین اور پاکستان ہر محاذ پر متحد ہیں اور دونوں ممالک علاقائی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔معاون خصوصی نے بھارتی ڈوزیر پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سی پیک کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ لیکن پاکستان اور چین مل کر اس بات کو یقینی بنائے ہوئے ہیں کہ بھارتی کوششیں ناکام ہوجائیں گی۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان اقتصادی سفارتکاری اور معاشی تحفظ پر توجہ دے رہا ہے۔انہوں نے ذکر کیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس مقصد کے لئے ایک معاشی آؤٹ ریچ ایپکس کمیٹی تشکیل دی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ معاشی رسائی کا مقصد مختلف متعلقہ وفاقی وزارتوں ، صوبائی محکموں اور دیگر کے مابین ہم آہنگی کا ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی تبدیلی کے لی? سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زون تیار کرنے کی ضرورت ہے۔چین کے ساتھ پاکستان کے خصوصی تعلقات اور جامع اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔ معاون خصوصی نے چین اور پاکستان کو دنیا کو مسلسل یہ پیغام دینے کی ضرورت پر زور دیا کہ دونوں ممالک تمام چیلنجوں کے خلاف متحد ہیں۔دونوں فریقین نے اپنے ممالک کے تھنک ٹینکوں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے اور اس مقصد کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔