اسلام آباد (این این آئی)پاک بحریہ نے کمبائونڈ ٹاسک فورس - 151 کی کمانڈ سنبھال لی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تبدیلی کمانڈ کی تقریب کمبائنڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز بحرین میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے کموڈور عبدالمنیب کمبائونڈ ٹاسک فورس - 151 کے نئے کمانڈر تعینات کر دیئے گئے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس سے پہلے یہ کمانڈ برادر ملک ترکی کے پاس تھی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ اس سے پہلے بھی آٹھ مرتبہ ٹاسک فورس - 151 کی کمانڈ سنبھال چکی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کموڈور عبدالمنیب نے اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس۔ 151 اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہاکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ کموڈور عبدالمنیب نے کہاکہ کمبائنڈ ٹاسک فورس - 151 کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے زیر ِنگرانی اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمبائنڈ ٹاسک فورس - 151 میری ٹائم سیکیورٹی، بحری قزاقی اور سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہے۔ تقریب میں بحرین میں تعینات پاکستان اور ترکی کے سفیروں سمیت دیگر سفارتی اور عسکری شخصیات نے بھی شرکت کی۔
پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کی کمانڈ سنبھال لی
Dec 11, 2020