بھارت کے ممکنہ فالس آپریشن سے غافل نہیں، ایڈونچر کا شدید ردعمل دینگے: شاہ محمود

Dec 11, 2020

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  'حیرت کی کوئی بات نہیں ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا بھارت کا جعلی خبروں کا نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے'۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ  '15 سالہ جعلی معلومات پر مبنی مہم کو عالمی سطح پر فیصلہ سازی میں پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا'۔ واضح رہے کہ  یورپی گروپ ڈس انفو لیب نے غلط معلومات پھیلانے والے ایسے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا جو سال 2005 سے ایسے ممالک، جن کے دہلی کے ساتھ اختلافات ہوں بالخصوص پاکستان، کو بدنام کرنے کے لیے کام کررہا تھا۔ صباح نیوز‘ آئی این پی اور آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا  بھارت کے ممکنہ فالس آپریشن سے غافل نہیں کوئی ایڈونچر ہوا تو شدید ردعمل آئے گا۔ وزیر  خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان کیلئے افغانستان کے نئے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے دورہ کابل پاک افغان تعلقات اور افغانسان میں جاری امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے پاکستان میںبطور افغان سفیر ذمے داریاں سنبھالنے پر نجیب اللہ علی خیل کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دیرینہ اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں ۔ نائیجر میں او آئی سی  وزراء خارجہ کونسل اجلاس میں افغان ہم منصب سے ملاقات کا موقع ملا ۔ افغان وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ۔ پاکستان‘ افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر سمجھتا ہے۔  وزیراعظم کے دورہ کابل سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کی راہیں ہموار ہوئی ہیں ۔ آج دنیا افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے ۔ افغانستان میں قیام امن افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے خواہاں ہیں۔ تجارتی مراسم کے فروغ کیلئے ترمیمی تجارتی معاہدے پر مذاکرات کیلئے آمادگی اطمینان کا باعث ہے۔  افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل نے شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ پاک افغان تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے  کار  لائیں گے۔

مزیدخبریں