کنٹرول لائن: بھارت کی پھر بلا اشتعال گولہ باری، خاتون شدید زخمی، مسجد شہید، پاک فوج کا بھرپور جواب

  تتہ پانی+اسلام آباد (نامہ نگار+سٹاف رپورٹر) لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی، سہڑہ ، درہ شیرخان سیکٹرز میں بھارتی فوج کی بلااشتعال شدید گولہ باری سے ایک 50سالہ خاتون شدید زخمی، ایک مسجد شہید، ایک گاڑی، سکول کی عمارت اور درجنوں رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ بجلی کی لائن اور ٹرانسفارمر متاثر ہونے سے بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی۔ گولہ باری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا اور گولہ باری کی بھاری وخوفناک آوازوں سے ان سیکٹرز کے علاقے لرز اٹھے اور میدان جنگ کا سماں پیش کرتے رہے۔ تاہی مواڑہ کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ مکینوں میں شدید خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کاروائی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی، سہڑہ، درہ شیر خان سیکٹرز پر کئی روز کی خاموشی کے بعد بھارتی فوج نے بدھ کی شب نو بجے اچانک بلااشتعال شدید گولہ باری شروع کردی اور ہیوی گنوں سے ان سیکٹرز کے سویلین آبادی کے علاقوں تاہی مواڑہ، نمب، سہڑہ، درہ شیرخان وغیرہ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں تاہی کی رہائشی ایک50سالہ خاتون بیوہ سید صابر حسین شاہ شدید زخمی ہوگئی جسے فوری تتہ پانی لایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوٹلی ریفر کردیا گیا۔ جبکہ تاہی مواڑہ کی مسجد اورگورنمنٹ بوائز ہائی سکول سہڑہ کی عمارت کی چھتوں پر گولے لگے اور انہیں کافی نقصان پہنچا۔ تاہی کے مقام پر عمار مقصود وعبدالجبار، محمد اسلم مرحوم، سید صابر حسین شاہ مرحوم، محمد عرفان، محمد عزیز، سرفراز احمد، ممتاز احمد، محمد خلیل، شعیب ایوب، محمد بلال، محمد جاوید، محمد امین، محمد حفیظ، نمب کے مقام پر سید نصیب الحسن شاہ اور سہڑہ کے مقام سردار شاہد نواز ایڈووکیٹ، عبدالرشید چوہدری، سلطان لطیف، مشتاق احمد، محمد آصف، لیاقت حسین اور دیگر کے رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ جبکہ حافظ ارشد اقبال کی گاڑی سوزوکی کو بھی نقصان پہنچا۔ بجلی کی لائن اور ٹرانسفارمر متاثر ہونے سے بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی۔ گولہ باری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا اور نماز فجر کے وقت جاکر تھما۔ گولہ باری کی بھاری وخوفناک آوازوں سے ان سیکٹرز کے علاقے لرز اٹھے اور میدان جنگ کا سماں پیش کرتے رہے۔ ان سیکٹرز میں سویلین آبادی کا علاقہ تاہی مواڑہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ مکینوں نے پوری رات جاگ کر گزاری۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ دریں اثناء سابق وزیر حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی و دیگر سیاسی، سماجی رہنمائوں اور مکینوں نے بھارتی فوج کی بربریت کی پرزور مذمت کی اور عالمی برداری ، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کی اس بربریت کا فوری نوٹس لیا جائے اور یہ سلسلہ فوری رکوایا جائے۔ سردار عبدالقیوم خان نیازی نے بھارتی فوج کی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا بھی ہنگامی دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن