لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کیلئے مریم نواز کی قیادت میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز جاتی امرا سے ہوا۔ ریلی میں (ن) لیگ کی دیگر قیادت سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی یوحنا آباد، اور غازی روڈ سے ہوتی ہوئی نصیر آباد پہنچی۔ مریم نواز نے مختلف مقامات پر خطاب کیا۔ مزنگ چونگی‘ لکشمی چوک اورگوالمنڈی سے ہوتی ہوئی لوہاری پہنچی۔ گجومتہ میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس نااہل حکومت کو آخری دھکا دینے کے لیے تیار ہیں تو13 دسمبر کو مینار پاکستان میں آپ کا انتظار کروں گی۔ جاتی امرا سے روانہ ہوتے وقت مریم نواز نے کہاکہ آج فیصلہ کیا ہے پی ڈی ایم جماعتیں اپنی قیادت کے پاس استعفے جمع کرادیں۔ ہم نے باضابطہ اپنی جماعت کو استعفوں کے لیے نہیں کہا۔ مسلم لیگ (ن) 13دسمبرکے بعد استعفے لے گی۔ لیکن ہمارے پاس استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔ ڈی جے بٹ کی گرفتاری اور تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان کا مقابلہ نوازشریف سے نہیں ڈی جے بٹ سے ہے۔ نوازشریف نے کہہ دیا تھا ان کا مقابلہ بچوں اور سیاسی بونوں سے نہیں۔ ڈھائی سال تک این آر او نہ دینے کی باتیں کرنے والے عمران خان خود ہاتھ جوڑ کر پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں‘ اﷲ یہ وقت کسی کو نہ دکھائے۔ فیصلے کا وقت آ گیا ہے کہ اس جابر‘ نااہل اور نالائق حکومت سے جان چھڑوائی جائے۔ ڈی جیی بٹ کی گرفتاری سے واضح ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ اپنے ہی لوگوں سے دغا کیا ہے۔ ہمیں علم نہیں تھا کہ آپ کا مقابلہ پی ڈی ایم کی بجائے کرسیاں اور ٹینٹ والوں سے ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اس ملک کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرے گی اور مستقبل ان شاء اﷲ مسلم لیگ (ن)کا ہے۔ پی ڈی ایم سے ہاتھ جوڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں۔ (ن) لیگ 13دسمبرکے بعد استعفے لے گی۔ لاہور کا جلسہ 13 دسمبر کو ہے آج قدم قدم پر جلسہ ہو رہا ہے۔ غریب کا چولہا دوبارہ جلانے کا وقت آگیا ہے۔ فیصلے کا وقت آ گیا ہے۔ جعلی حکمرانوں کو این آر او نہیں ملے گا۔ لاہور کا جلسہ نہیں رکے گا۔ علاوہ ازیں مریم نواز کی ریلی شنگھائی پل پر پہنچی تو لیگی کارکن آپس میں لڑ پڑے۔ لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے پر مکوں کی بارش کر دی۔ اس دوران مریم نواز کی ریلی میں ایک شخص سے پستول برآمد ہوا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ہے۔مریم نواز نے لوہاری گیٹ میں کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ جلسہ تو ابھی اتوار کو ہے لاہور نے قدم قدم پر جلسے کر دیئے۔ میاں صاحب نے کہا کہ تم نے خود جاکر لاہوریوں کو جلسے کی دعوت دینی ہے۔ لاہور اب پاکستان پر مسلط کی گئی حکومت کو گرانے جا رہا ہے۔ نواز شریف کے مخالفین انہیں لاہور کا طعنہ دیتے ہیں۔ جب لاہور بولتا ہے تو پورا پاکستان بولتا ہے اور دنیا سنتی ہے۔ 13 دسمبر کو لاہور بولے گا۔ ’’ووٹ چورو جان چھوڑ دو‘‘۔ مریم نواز عوامی رابطہ مہم کے بعد داتا دربار سے واپس جاتی امراء چلی گئیں۔ مریم نواز نے داتا دربار کے باہر گاڑی سے نکل کر دعا بھی کی۔ قبل ازیں مریم نواز کی زیر صدارت لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور لیگی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ مریم نواز نے کہا حکومت ابھی سے بوکھلا گئی ہے۔ موجودہ حکمران نام ہو چکے ہیں۔ جعلی حکمرانوں کو اب مزید وقت نہیں دیا جا سکتا۔