کرونا: مشیر سندھ اعجاز شیرازی، چیئرمین پبلک سروس کمشن سمیت56جاں بحق، لاہور ہائیکورٹ نے مقدمات کی سماعت روک دی

Dec 11, 2020

اسلام آباد، کراچی، (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا ایک مرتبہ پھر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 290 ہے جس میں سے 3 لاکھ 74 ہزار 301 صحتیاب ہوئے ہیں۔ جو 87 فیصد سے زائد ہیں۔ اموات کی تعداد 8 ہزار 603 تک پہنچ چکی ہے۔ کرونا کے 40 ہزار 502 ٹیسٹ، 3 ہزار 138میں وائرس کی تشخیص ہوئی، مثبت شرح 7.74 فیصد ہے، مزید 56 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 30 افراد شفایاب ہوئے۔ مجموعی طور پر فعال کیسز 46 ہزار 376 ہوگئے۔ صوبہ سندھ میں مزید 2 ہزار 3 کیسز کا اضافہ، مجموعی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 687 تک پہنچ گئی۔ 18افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اموات 3 ہزار 99 تک پہنچ گئیں۔ پنجاب میں کرونا کے 446 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 250 ہوگئی۔ مزید 23 مریض لقمہ اجل بنے، اموات کی تعداد 3 ہزار 265 ہو گئی۔ خیبرپی کے میں مزید 256 افراد متاثر، مجموعی متاثرین 50 ہزار 762 ہو گئی۔ مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا، مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 439 تک جا پہنچی۔ بلوچستان میں  64 کیسز سامنے آئے، مجموعی کیسز17ہزار 604 ہوگئے۔ ایک فرد جاں بحق، اموات 171 تک پہنچ گئیں۔ اسلام آباد میں مزید 275 کیسز، متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 695 ہوگئی۔ مزید 3 نئی اموات رپورٹ، تعداد 348 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں 90 نئے کیسزکی تصدیق، متاثرین کی تعداد 7 ہزار 517 ہوگئی۔ مزید ایک فرد جاں بحق ہوا اور اموات 183تک پہنچ گئیں۔ گلگت بلتستان میں وبا کے 4 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 765 ہوگئی۔ اموات 98 پر برقرار ہے۔ پاکستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 301 ہوگئی۔ چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمشن معروف افضل کرونا سے انتقال کر گئے خاندانی ذرائع کے مطابق معرورف افضل کرونا کی وجہ سے زیر علاج تھے۔ انہیں 13 نومبر کو چیئرمین ایف پی ایس سی بنایا گیا تھا کرونا مریض ہونے کی وجہ سے معروف افضل عہدے کا حلق نہیں اٹھا سکے۔ معروف افضل چیئرمین  سی ڈی اے اور سیکرٹری سٹیبلشمنٹ بھی رہ چکے تھے اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر تھے انہوں نے وفاقی حکومت میں 32 سال سے زیادہ اہم عہدوں پر فرائض انجام دیئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اور سابق صوبائی وزیر اعجاز شیرازی کرونا کے باعث انتقال کر گئے۔ اعجاز شاہ شیرازی کرونا کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ تاہم وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے مشیر وزیراعلیٰ  سندھ کے اہلخانہ نے بھی ان کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ویکسین پلان کے تحت مارچ 2021ء میں ویکسین پاکستان میں دستیاب ہوگی صرف ایک یا دو ممالک نہیں بلکہ مختلف ممالک سے ویکسین کے لئے رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین بنانے والے تمام بڑے اداروں سے رابطے میں ہیں ویکسین خریدنے کیلئے پیسے مختص کرنا بہت اہم تھا جو کر لئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں طبی عملے کو جبکہ دوسرے مرحلے میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کا کہنا ہے کہ امریکا میں جاری فائزر ویکسین کی آزمائش کے دوران ویکسین کے استعمال سے 2 افراد کی موت ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران ایک پچپن سالہ شخص کوکرونا ویکسین دینے کے 62 روز بعد ہارٹ اٹیک آیا اور تین روز بعد اس کی موت ہوگئی۔ جب کہ دوسرے شخص کی موت ویکسینیشن کے تین روز بعد دل کی شریانیں سْکڑنے سے ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹرائلز کے دوران 4 اموات ان افراد کی بھی ہوئیں جنہیں ویکسین کا بتا کر بے اثر ٹیکا لگایا گیا تھا۔ سعودی عرب نے درآمد شدہ کرونا ویکسین کی باضابطہ منظوری  دیدی۔ عرب میڈیا  کے مطابق اتھاٹری پر درآمد کردہ کھیپ میں سے چند نمونوں کو لیبارٹری میں ٹیسٹ کرائے گی۔ کراچی کا ضلع شرقی  کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے  زیادہ خطرناک قرار دیاگیا ہے۔ 26 مارچ 2020 سے اب تک ضلع شرقی میں 904  افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور دوسرے نمبرپر ضلع وسطی ہے۔ جہاں کرونا سے 551  افراد لقمہ اجل  بنے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے مشیر اعجاز شاہ  شیرازی بھی کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ ٹھٹھہ کی معروف سیاسی شخصیت اعجاز شاہ شیرازی بھی کرونا کے باعث جہان فانی سے کوچ کرگئے، وہ کئی روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعجاز شاہ ٹھٹھہ میں شیرازی اتحاد کے سربراہ بھی تھے۔  لاہور کے 16سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یو و وینٹی لیٹرز47.1 فیصد بھرگئے، محکمہ صحت کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق  لاہور کے 16سرکاری ہسپتالوں کے ایچ ڈی یو اور آکسیجن بیڈز31.5 فیصد بھرگئے۔ سروسزہسپتال کے آئی سی یو و وینٹی لیٹرز میں گنجائش 81.3فیصد تک پوری ہوگئی، اسی طرح سروسز ہسپتال میں آکسیجن بستروں کی گنجائش 67.9فیصد تک مکمل ہوگئی۔ میوسپتال کے آئی سی یو و وینٹی لیٹرز کی گنجائش 74.7فیصد تک پوری ہوگئی، جبکہ میوہسپتال میں آکسیجن بستروں کی گنجائش 51.2فیصد تک مکمل ہوگئی۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 1575621ہو گئیں ،مصدقہ کیسز 6کروڑ92لاکھ28ہزار سے تجاوز کر گئے ۔امریکہ میں ہلاکتیں 296689 جبکہ متاثرین کی تعداد 1کروڑ58لاکھ 20ہزارہو گئی۔ بھارت میں 337 ہلاکتیں کے باعث مرنیوالوں کی تعداد 141735ہو گئی،کیسز97لاکھ62ہزار سے بڑھ گئے ۔ دنیا میں کرونا کے4 کروڑ 79 لاکھ 83 ہزار 487 مریض شفایاب ہو چکے اور 1 کروڑ 96 لاکھ 69 ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں۔

مزیدخبریں