ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی سولہ بنیادی اشیا کی قیمت میں 7 فیصد تک اضافہ رکارڈ کیا گیا

Dec 11, 2020 | 22:15

کامرس رپورٹر

لاہور (کامرس رپورٹر)ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی سولہ بنیادی اشیا کی قیمت میں 7 فیصد تک اضافہ رکارڈ کیا گیا۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران انڈے، مرغی، گھی،کوکنگ آئل،چاول،بیف،مٹن،کیلے، لہسن کی قیمت میں اضافہ رکارڈ کیا گیا۔ملک میں میں انڈوں کی فی درجن قیمت 320 روپے جبکہ زندہ مرغی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی جس سے مرغی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 68 فیصداور انڈوں کی 64 فیصد زیادہ ہو گئی۔ ہفتے کے دوران ایل پی جی، صابن اور جلانے والی لکڑی کی قیمت بھی بڑھ گئی جبکہ چینی کی فی کلو اوسط قیمت 6 روپے اور گندم کے آٹے کی فی کلو اوسط قیمت 35 پیسے کم ہوئی تاہم سستی ہونے کے باوجود چینی کی قیمت اب بھی گزشتہ سال سے 15 فیصد اور آٹے کی 7 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی 51 بنیادی اشیا میں سے 37 کی قیمت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 86 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا، ہفت روزہ بنیاد پر مہنگائی کی اوسط شرح 8.4 فیصد رہی تاہم خوراک زیادہ مہنگی ہونے کی وجہ سے غریب طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔

مزیدخبریں