لاہور(سپورٹس رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آسٹریلوی ٹیم کی فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ قوم 24 سال سے ملک میں پاک آسٹریلیا مقابلوں کی منتظر ہے۔آسٹریلوی سکیورٹی وفد نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت کے اعلی حکام سے ملاقات کی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی۔ انہوںنے کہاکہ آسٹریلوی ٹیم کی سکیورٹی کے تمام انتظامات کرلئے ہیں،سندھ اور پنجاب حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مکمل رابطہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں،قوم 24 سال سے ملک میں پاک آسٹریلیا مقابلوں کی منتظر ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،ٹیم بھیجنے کے اعلان پر آسٹریلیوی کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان آمد پر آسٹریلوی ٹیم کا شاندار استقبال کیا جائیگا۔
آنچ نہیں آنے دینگے ، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی فول پروف سکیورٹی یقینی : شیخ رشید
Dec 11, 2021