لاہور (خصوصی نامہ نگار)تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ امریکہ کی سرپرستی میں جمہوریت کانفرنس شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں۔ امریکہ کی سرپرستی میں جاری ورچوئل جمہوریت سمٹ 2021ء پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اِس امریکی کانفرنس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے امریکہ کے چْنگل سے نکلنے کے اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے اہداف جابرانہ حکومتوں کا گھیراؤ، کرپشن کا خاتمہ اور انسانی حقوق کا پرچار بیان کئے جا رہے ہیں لیکن حیرت کا مقام ہے کہ خود امریکہ اور کانفرنس میں شامل بھارت اور اسرائیل کا شمار اِن اقدار کے لحاظ سے دنیا کے بدترین ممالک میں ہوتا ہے۔ امریکہ کا اس کانفرنس میں چین اور روس کو دعوت نہ دینا اور تائیوان کو دعوت دینا صاف ظاہر کرتا ہے کہ امریکہ کا سجایا ہوا یہ میلہ محض اپنی طاقت کے اظہار کی ایک کوشش ہے۔پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول یہ ہونا چاہیے کہ وہ بین الاقوامی معاملات میں تمام فیصلے دوسروں کے دباؤ کو رد کر کے صرف ملکی اور قومی مفادات کے تحت کرے۔
امریکی سرپرستی میں جمہوریت کانفرنس شعبدہ بازی ہے: شجاع الدین شیخ
Dec 11, 2021