پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور ارباب غلام ر حیم میں سخت جملوں کا تبادلہ

کراچی (نیوزرپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے اپنے مختصر دورہ کراچی میں گورنر ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے علاقائی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس بھی منعقد کیا، جس میں صوبے کی سیاسی صورت حال اور ترقیاتی اسکیموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں سندھ کے معاملات پر ہونے والے اس  اجلاس  میں ایک موقع پر  اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی رہنما ارباب غلام رحیم کے مابین سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ارباب غلام رحیم نے گورنر سندھ کے خلاف شکایتوں کے انبار لگادیے، اجلاس میں ارباب غلام رحیم نے کہا کہ ہمارے لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہورہی ہیں، گورنر سندھ اپنا کردار ادا نہیں کرتے۔ ارباب رحیم کی شکایات پر وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ سے سوال کیا تو گورنر سندھ نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو آگے کردیا۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے ارباب غلام رحیم کے الزامات کو رد کردیا۔ ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ارباب غلام رحیم معاون خصوصی ہونے اور مراعات کے مزے لے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل اور ارباب غلام رحیم کی تلخ کلامی کے باعث وزیر اعظم عمران خان کو ماحول بہتر کرنے کے لئے مداخلت کرنا پڑی۔  دوسری جانب ترجمان حلیم عادل شیخ نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ارباب غلام رحیم کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت سندھ کی تنظیمی صورتحال پر معمول کا اجلاس تھا،جس میں تمام شرکا نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا،اجلاس میں کسی قسم کی کوئی بحث یا گرما گرمی کی بات نہیں ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن