بھارتی مظالم کیخلاف کشمیریوں کے مظاہرے نسل کشی جاری حریت کانفرنس بانڈی پورہ میں 2اہلکار قتل

سرینگر/ اسلام  آباد/ مظفر آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ)  انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بھارتی مظالم کیخلاف کشمیریوں نے کئی مقامات پر مظاہرے اور احتجاجی مارچ کیا۔ حریت کانفرنس اور دیگر کشمیری  تنظیموں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی منظم انداز میں نسل کشی کر رہا ہے۔ نئی دہلی کشمیریوں کیساتھ ساتھ انسانی حقوق کا بھی قاتل ہے۔ ادھر بانڈی پورہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو بھارتی پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا ہے۔ بھارتی غیر قانونی زیر  تسلط  جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے حق خود ارادیت کے حصول کی حق پر مبنی کشمیریوں کی جد وجہد کو دبانے کیلئے بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے آج جمعہ کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سرینگر میں جاری ایک بیان مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری منظم نسل کشی، بلا جواز گرفتاریوں، تشدد، ماورائے عدالت قتل، مذہبی، سماجی اور سیاسی حقوق کی پامالی اور خواتین کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں نے کالے قوانین کی آڑ میں پورے مقبوضہ علاقے میں خوف و ہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے۔ میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ہے کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے غیر قانونی زیرتسلط علاقے میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال میں بہتری کے کوئی آثار نہیں ہیں۔آج جب دنیا بھر میں آج انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، بھارت  نے انسانی حقوق کے  عالمی اعلامیے کی مسلسل دھجیاں اڑا رہی ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  جنوری 1989 سے اب تک 95ہزار9سو25 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے جن میں سے 7 ہزار 2سو15کو زیر حراست شہید کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان شہادتوں کے نتیجے میں 22ہزار 9سو39 خواتین بیوہ اور 1لاکھ7ہزار8سو55 بچے یتیم ہوئے۔بھارتی فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 11ہزار2سو46 خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا اور 1لاکھ10ہزار4سو45 رہائشی مکانات اور دیگرعمارتوںکو نقصان پہنچایا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے اس عرصے میں 8ہزار سے زائد کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے جمعہ کو اقوام متحدہ مبصر مشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے شرکا نے بھارت  کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و  کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے راہنمائوں نے کہا کہ بھارت  اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و  کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی  ہے۔ انسانی حقوق کے دن پر مظفر آباد میں کشمیریوں نے کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جس میں بڑی تعداد میں منقسم کشمیری خاندانوں نے شرکت کی مظاہرین نے بھارت مخالف بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے بھی یو این مبصر مشن کے سامنے مظاہرہ کیا ار بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ادھر بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قابض بھارتی پولیس کے دو اہلکاروں کو قتل کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق داخلہ کے بعد قابض بھارتی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے علاقے  کا محاصرہ کرکے تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
کشمیر 

ای پیپر دی نیشن