کراچی( اسپورٹس رپورٹر) 22 ویں کامن ویلتھ گیمز کی کوئینزبیٹن ریلے 27دسمبرکو تین دنوں کیلئے پاکستان آئے گی۔ بیٹن ریلے کا سفر 7 اکتوبر کو بکنگھم پیلس سے شروع ہوچکا ہے۔ بیٹن ریلے 269 دنوں میں 90 ہزارمیل کافاصلہ طے کرتے ہوئے دولت مشترکہ کے 72 ممالک میں جائے گی۔ کراچی میں کوئنز بیٹن ریلے کے استقبال اور ریلے کے مختلف پروگرامز منعقدکرانے کیلئے کامن ویلتھ گیمزایسوی ایشن پاکستان کے صدر جنرل (ر) سید عارف حسن نے آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی کی چیئرپرسن فاطمہ لاکھانی جبکہ سید وسیم ہاشمی ڈپٹی چیئرمین ہیں۔ ممبران میں وینا سلمان مسعود،محمدجہانگیر، محمدشفیق، لیفٹنٹ کرنل(ر)محمدناصر اعجازتنگ، امتیاز احمد شیخ، تہمینہ آصف، اصغر بلوچ،نرگس رحیم تولہ کے نام شامل ہیں ۔ میزبان صوبہ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت آرگنائزنگ سیکریٹری، پرویزاحمد چیف کوآرڈینیٹراور آصف عظیم کومیڈیا کوآرڈینیٹر نامزدکیا گیا ہے۔ کمیٹی میں سندھ رینجرز، سندھ پولیس، کمشنرکراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی،ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے، سندھ اسپورٹس بورڈ اور پی او اے کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔