اسلام آباد+بنوں+کوئٹہ (خصوصی نامہ نگار +این این آئی+ نیٹ نیوز) سی ٹی ڈی کے انٹلی جنس بیسڈ آپریشن میںداعش کمانڈر سمیت 4دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ دہشتگرد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔درودنی غلام خان کے مقام پر کارروائی کی گئی۔ سی ٹی ڈی پولیس نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں داعش کا مقامی کمانڈر محمد داد شامل ہیں۔ جبکہ 2ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبداللہ اورمحمد لائق کے نام سے ہوئی تاہم ایک کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہاکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے 2 ہینڈ گرنیڈ، 2کلاشنکوف، 6میگزینز اور 2پستول برآمد کئے گئے جبکہ درجنوں کارتوس، شناختی کارڈ سمیت پاکستانی کرنسی، دیگر سامان برآمد ہوا۔ بلوچستان کے ضلع آواران کے بازار میں دھماکے سے ایک دکان دار جاں بحق جبکہ خاتون اور بچوں سمیت سات زخمی ہو گئے۔ ضلع آواران کے علاقے کولواوہ کے شاپنگ سنٹر میں دکان میں آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جاں بحق شخص دکاندار تھا جس کی شناخت ناصر علی کے نام سے ہوئی، اس کے بھائی آصف سمیت سات افراد زخمی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دہشتگردی کے واقعے میں دکاندار کی شہادت اور بچوں اور خاتون سمیت سات افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم بچوں اور خاتون سمیت دیگر شہریوں کو نشانہ بنایا۔ دہشتگرد تنظیم بی ایل ایف نے واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی۔
افغان سرحد پر آپریشن ، کمانڈر سمیت داعش کے 4 دہشت گرد ہلاک : آواران ،دھماکہ ، دکاندار جاں بحق
Dec 11, 2022