ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) بنگلہ دیش کی مرکزی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ہزاروں حامیوں نے ڈھاکہ میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا اور وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ فرانسیسی خبرایجنسی کے مطابق مظاہرین نے گلاب باغ سپورٹس گرائونڈ میں منعقدہ جلسے کے دوران شیخ حسینہ ووٹ چور ہے کے نعرے لگائے جس کے بعد مظاہرین اردگرد کی گلیوں میں پھیل گئے۔ اقوام متحدہ سمیت مغربی ممالک کی حکومتوں نے ایشیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کیا۔ بنگلہ دیش کے امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات رہے ہیں‘ لیکن حالیہ برسوں کے دوران شیخ حسینہ نے چین کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کئے ہیں جبکہ بیجنگ نے کئی ارب ڈالر کے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔ حزب اختلاف ملک بھر میں مظاہرے کر رہی ہے اور شیخ حسینہ سے استعفیٰ دینے اور نگران حکومت کے تحت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جسے وزیراعظم نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ ہفتہ کی صبح تک تقریباً 2 لاکھ لوگ ریلی میں شامل ہو چکے تھے۔ پارٹی ترجمان ظہیرالدین سواپن نے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ شیخ حسینہ کا استعفیٰ پارلیمنٹ کی تحلیل اور ایک غیر جانبدار نگران حکومت کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ دوسری جانب ڈھاکہ کا میٹرو پولیٹن پولیس کے ترجمان فاروق احمد نے ان اعدادوشمار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں 30 ہزار سے زیادہ افراد کی گنجائش ہی نہیں ہے۔
وزیراعظم استعفٰی دیں ، ڈھاکہ میں اپوزیشن کا بڑا مظاہرہ ، اقوام متحدہ ،مغربی ممالک لکا اظہار تشویش
Dec 11, 2022