اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) ایشیا پیسفک خطے کے مختلف ممالک سے تقریباً 200 نامزد افراد نے پہلی بار پاکستان میں ہونے والے 21 ویں ایشیا اینڈ پیسیفک آئی سی ٹی الائنس (اپیکٹا) ایوارڈز کی جیوری کے سامنے اپنے منصوبے پیش کیے۔ تفصیلات کے مطابق اپیکٹا ایوارڈ میں 16 معیشتوں کے 150 غیرملکی مندوبین شرکت کررہے ہیں، جن میں ملائیشیا، آسٹریلیا، برونائی، انڈونیشیا، سری لنکا، ویت نام، جاپان، سنگاپور اور شام وغیرہ سے مندوبین ذاتی طور پر ایوارڈ تقریب میں موجود ہیں۔64 تجربہ کار آئی ٹی پروفیشنلز نے شرکائ کمپنیوں کی لائیو پریزنٹیشنز اور خصوصی کاموں کی بنیاد پر ان کے منصوبو ں کا جائزہ لینے کے بعد ایوارڈ کے فاتحین کا انتخاب کیا۔منصوبوں کو مختلف شعبوں میں ڈیزائن کیا گیا تھا، جن میں EdTech، HelthTech، Fintech، زراعت، مارکیٹنگ اور سروسز وغیرہ کے شعبے شامل ہیں۔ایوارڈ تقریب میں ثقافتی پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف معیشتوں کی نت نئی ثقافتوں کو پیش کیا گیا۔ایوارڈ تقریب کا اہتمام پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (P@SHA) اور TechDestination برائے IT اور ITES نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن (ایم او آئی ٹی ٹی) کے تعاون سے کیا ہے۔اپیکٹا ایوارڈ ایک سالانہ تقریب ہے، جس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی انڈسٹری میں آسکر کی حیثیت حاصل ہے۔ اس ایوارڈ کا مقصد آئی سی ٹی کے شعبے میں علاقائی تعاون اور اشتراک کو فروغ دینا ہے، جس کا فائدہ رکن ممالک کی معیشتوں کو ہوتا ہے۔ممبر آئی ٹی جنید امام ایم او آئی ٹی ٹی، ایڈیشنل سیکریٹری ایم او آئی ٹی ٹی عائشہ مورانی، عثمان ناصر سابق ایم ڈی پی ایس ای بی، کنوینراپیکٹا بدر خوشنود، چیف جج ڈاکٹر شعیب اے خان، پی اٹ شاہ کے سی ای سی ممبر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر حرا زینب کو ایوارڈ تقریب کے بہترین انعقاد پر شرکائ اور ججز کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ گیا۔اپیکٹا ایوارڈ کے فاتحین کا اعلان 11 دسمبر کو ائیر یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں ہونے والی اختتامی تقریب میں کیا جائے گا، جہاں خطے کی 26 جیتنے والی ٹیموں کو شیلڈز اور انعامات دیے جائیں گے۔پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے اختتام پر 6.2 ارب ڈالرز پر جا پہنچی ہے۔ اس ایوارڈ کی تقریب سے پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی خدمات کی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔
مختلف ممالک کے 2سو نامزد افرادکے اپیکٹا ایوارڈز جیوری کو منصوبے پیش
Dec 11, 2022