اسلام آباد (خبرنگار)صوبائی وزیرکھیل وامور نوجواناں پنجاب ملک تیمورمسعود نے کہاہے کہ راولپنڈی میں خواتین کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس جمنازیم بنائیں گے، ویمن کرکٹ لیگ بھی شروع کریں گے اور راولپنڈی ڈویژن میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور تعلیمی بورڈ مل کر کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تعلیمی بورڈ کی سالانہ کھیلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کاجذبہ دیکھ کر اپنی کالج لائف یاد آگئی۔ پنجاب حکومت نے کچھ عرصہ قبل پنجاب گیمز کرائیں لیکن وہاں بھی کھلاڑیوں کا اتنا جذبہ نہیں دیکھا جتنا یہاں سٹوڈنٹس میں دیکھا۔ سکولوں وکالجز میں جو پہلے کھیلوں کے مقابلے ہوتے تھے وہ اب کم ہوگئے ہیں، اس میں حکومت کیساتھ تعلیمی اداروں کے سربراہان پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ راولپنڈی بورڈ میں کھیلوں کے بہترین مقابلے منعقد کرانے پر ڈائریکٹر سپورٹس صوبیہ سلطانہ کی کاوش قابل تحسین ہے۔ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سہولیات کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب فنڈز بھی فراہم کرے گا۔ ہم پنجاب میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ راولپنڈی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کھیلوں کے فروغ کیلئے راولپنڈی بورڈ کیساتھ مل کر مختلف مقابلے منعقد کرائیں گے۔ ہم لاہورقلندرز کیساتھ مل کر راولپنڈی میں کرکٹ کے ٹرائلز کرائیں گے اور منتخب کھلاڑیوں کو اکیڈمیوں میں ٹریننگ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے بھی بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔ ویمن کرکٹرز کیلئے بھی لیگ شروع کریں گے۔ راولپنڈی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس جمنازیم کا تحفہ جلد دینگے۔