سپاہی سوار حسین نشان حیدر کی برسی گوجر خان میں منائی گئی

Dec 11, 2022

اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) سپاہی سوار محمد حسین شہید کا 51واں یوم شہادت جنہوں نے1971ء کی جنگ میں جرات و بہادری کی تاریخ رقم کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کی 51ویں برسی گوجر خان کے قریب ڈھوک محمد حسین میں منائی گئی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد عرفان نے سوار محمد حسین شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سول و عسکری حکام اور شہیدکے لواحقین نے شرکت کی۔سپاہی سوار محمد حسین شہید 18جون 1949ء کو گوجرخان کے علاقے ڈھوک پیر بخش میں پیدا ہوئے۔ 1971ء میں دشمن نے پاکستان پر  جنگ مسلط کی تو 20 لانسرز کو ضلع نارووال کے دفاع کی ذمہ داری سونپی گئی۔ 10دسمبر کو سوار محمد حسین  نے دشمن کو ہرڑ خورد گاوں میں مورچے کھودتے دیکھا تو یونٹ کمانڈر کو اطلاع دی۔ اِسی اثناء میں سوار محمد حسین کے خون نے جوش مارا اور ساتھیوں کے ہمراہ دشمن پر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے دشمن کے 16 ٹینک تباہ کئے۔ 10دسمبر کو ہی دشمن نے سوار محمد حسین کو ٹارگٹ کر کے مشین گن سے گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس سے قوم کا یہ عظیم سپوت جام شہادت نوش کر گیا۔

مزیدخبریں