ایف بی آر کاٹیکس مستثنیٰ علاقوں کی نگرانی کیلئے چیک پوسٹس قائم 

Dec 11, 2022

کراچی ( کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس سے مستثنیٰ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور قبائلی علاقوں سے پاکستان کے دیگر حصوں کو سپلائی ہونے والے مال کی نگرانی اور دستاویزات کی جانچ کے لیے موبائل ٹیموں پر مشتمل 16ریونیو چیک پوسٹس قائم کردی ہیں۔ایف بی آر نے ٹیکس موبائل اسکواڈز سے لیس چیک پوسٹس کے قیام کے لیے موبائل اسکواڈز تشکیل دینے کے لیے ایس آر او 206(I)2022 جاری کردیا ہے۔ جن مقامات میں یہ چیکس پوسٹس بنائی گئی ہیں ان میں کارخانو مارکیٹ چیک پوسٹ خیبر ڈسٹرکٹ، شیر گڑھ چیک پوسٹ مالاکنڈ ڈویژین کے خارجی راستے پر، مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی راستے پر قائم کی جانے والی سودام رستم چیک پوسٹ، بنوں میراں شاہ روڈ نمبر چار پر باکا خیل کے مقام پر موبائل اسکواڈ، مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی راستے پر کٹلانگ چیک پوسٹ، مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی راستے پر  ٹول پلازہ سے آگے پشاور موٹر وے چیک پوسٹ، مالاکنڈ ڈویژن کے خارجی راستے پر چارسدہ موٹر وے چیک موبائل اسکواڈ نمبر تین پوسٹ، مالا کنڈ ڈویژن کے لیے صوابئی موٹر چیک پوسٹ (ٹول پلازہ کے باہر)، مہمند سے باہر نکلنے والے راستے پر شبقدر چیک پوسٹ، مہمند کے خارجی راستے پر وارسک روڈ کی چیک پوسٹ، خیبر ڈسٹرکٹ کے لیے شاہ خاص روڈ، خیبر ڈسٹرکٹ کے خارجی راستے پر متانی چیک پوسٹ، اورکزئی ایجنسی کے مین خارجی راستے پر بویا پیرہ کے مقام پر اولڈ میری چیک پوسٹ، ساؤتھ وزیرستان کے خارجی راستے پر وانا روڈ پر وزیر آباد ٹانک کی چیک پوسٹ، کوہاٹ ٹنل کے اخراج پر خیبر ڈسٹرکٹ کے لیے چیک پوسٹ شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے تحت ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں سے مال کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کے لیے ترسیل کی جانے والی اشیاء سے متعلق دستاویزات پیش کرنا لازمی ہوگا۔ ریجنل ٹیکس آفس اپنی حدود میں ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں کے خارجی راستوں پر چیکس پوسٹس قائم کرنے کے مجاز ہوں گے تاکہ ان اشیاء کا معائنہ اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔ ان چیک پوسٹس پر کمشنر ان لینڈ ریونیو کے مقرر کردہ ان لینڈ ریونیو کے آفیسر رینک کے انسپکٹرز تعینات ہوں گے جو ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں سے آنے والی گاڑیوں کو روک کر اشیاء کی مالیت اور مقدار کی تصدیق کے ساتھ دستاویزات کی جانچ کرنے کے مجاز ہوں گے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں سے آنے والی گاڑیوں میں موجود اشیاء کی مجوزہ دستاویزات کی عدم موجودگی میں گاڑی کو سامان سمیت تحویل میں لے لیا جائے گا۔ گاڑی اور سامان کے مالک کو نوٹس جاری کیے جائیں گے اور پندرہ روز کے اندر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں کا مطلب آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، آئین کے آرٹیکل 246 کے ضمرے میں آنے والے قبائلی علاقوں کی سرحدوں پر قائم بازار اور اس قسم کے دیگر علاقے شامل ہیں۔

مزیدخبریں