کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس گروپ آرگنازیشن (پی بی جی او) کے بانی اور سرپرست اعلیٰ فراز الرحمان نے معروف بزنس مین وحید پنجوانی کو سال 2023 کے لئے پی بی جی او کا صدر نامزد کر دیا۔ سر پرست اعلیٰ فراز الرحمان نے نو منتخب صدر وحید پنجوانی کو صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ PBGO بزنس کمیونٹی کی خدمت، معیشت میں بہتری اور درپیش مسائل کی آواز اعلیٰ اعوانوں اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کیلئے جو کاوشیں اور خدمات انجام دے رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت مختصر مدت میں PBGO کی ٹیم نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس آرگنائزیشن کا معیار بلند کیا۔ فراز الرحمان نے امید ظاہر کی کہ وحید پنجوانی PBGO کے پلیٹ فارم سے ملک کی ترقی اور معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر نو منتخب صدر وحید پنجوانی اور پاکستان بزنس گروپ کے ممبران نے PBGO کے بانی اور سرپرست اعلیٰ فراز الرحمان کی خدمات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فراز الرحمان تعلیم یافتہ اور بزنس میں وسیع تجربہ کے حامل ہونے کے ساتھ بہترین منتظم اور قائدانہ صلاحیت کے مالک ہیں۔PBGO کی ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے فراز الرحمان جیسی باصلاحیت شخصیت کی سرپرستی کی اشد ضرورت ہے۔PBGO کے نو منتخب صدر وحید پنجوانی نے سرپرست اعلی فراز الرحمان اور تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بطور صدر ان کے بھرپور اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ پاکستان بزنس گروپ میں بحیثیت صدر فراز الرحمان کے وڑن، رہنمائی کے مطابق بزنس کمیونٹی کی خدمت کو مزید آگے بڑھائیں گے، اور ان کی بہتری کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے۔
فراز الرحمان نے وحید پنجوانی کوPBGO کا صدر نامزد کر دیا
Dec 11, 2022