سیکرٹری ہیلتھ کیئر کے 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے ،طبی سہولیات کا جائزہ لیا

Dec 11, 2022


لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ایک دن میں 4 ہسپتالوں کے ہنگامی دورے کئے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری صحت نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ، رورل ہیلتھ سنٹر کھاریانوالہ، شیخوپورہ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہکوٹ، ضلع ننکانہ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سانگلہ ہل، ننکانہ میں گئے اور صفائی ستھرائی اور میڈیکل ہیلتھ کیئر کا تفصیل سے معائنہ کیا۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے شیخوپورہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کنٹینر اور دوسری جگہ پر پڑا کوڑا اپنی نگرانی میں اٹھوایا اور کہا کہ صفائی کا عملہ ہڑتال ختم کرکے واپس ڈیوٹی پر آگیا ہے جو خوش آئند ہے۔
انکی تنخواہوں کا معاملہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے جلد حل کرلیا جائے گا۔سیکرٹری صحت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر کا بھی دورہ کیا اور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایمر جنسی سہولیات کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل طارق اور ایم ایس ڈاکٹر افضال سندہیلہ بھی موجود تھے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے رورل ہیلتھ سنٹر کھاریانوالہ کے دورہ کے دوران ڈاکٹر کامران یوسف ڈیوٹی سے غائب پائے گئے جس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کہ ڈاکٹر کے خلاف انکوائری کی رپورٹ جلد پیش کریں تاکہ انکے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جاسکے۔

مزیدخبریں