لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے راولپنڈی کی تحصیل کلر سیداں میں نجی ماڈل فروٹ و سبزی منڈی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ اس ماڈل سبزی و فروٹ منڈی سے نہ صرف تحصیل کلر سیداں بلکہ راولپنڈی کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مختلف علاقوں کے کاشتکاروں کو بھی اپنی زرعی اجناس مناسب داموں پر فروخت کرنے کا موقع ملے گا۔ اس علاقے میں ماڈل منڈی کی اشد ضرورت تھی کیو نکہ اس کے ارد گرد پہاڑی اور نیم پہاڑی علاقہ جات موجود ہیں اور کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس کو فروخت کرنے کے لیے دور دراز علاقوں میں جانا پڑتا تھا۔ اس منڈی کے قیام سے اس علاقے کے کاشتکاروں کے مال برداری کے اخرات بھی کم ہو نگے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب زراعت کی دیگر شعبوں میں ترقی کے ساتھ ساتھ زرعی منڈیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروقار لا رہی ہے۔ زرعی منڈیوں سے ناجائز تجاوزات سے پاک رکھنے کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں اور ماڈل منڈیوں میں مارکیٹ فیس کا شیڈول،کمیشن اور روزانہ کے نرخ واضح جگہوں پر آویزاں جا رہے ہیں۔